http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 18 June, 2007, 10:50 GMT 15:50 PST

خدیجہ عارف
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دِلی

شیخاوت کو بی جے پی کی حمایت

ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے صدر کے عہدے کے لیئے نائب صدر بھیروں سنگھ شیخاوت کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھیروں سنگھ شیخاوت آزاد امیدوار کے طور پر صدراتی انتخاب لڑ رہے ہیں۔

ادھر آٹھ جماعتوں پر مشتمل نو تشکیل شدہ تیسرے محاذ نے چینئی میں میٹنگ کے بعد صدراتی انتخاب کے لیے صدر اے پی جے ابولکلام کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ محاذ نے تمام جماعتوں سے اپنے فیصلے کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ابوالکلام معروف اور سب سے زیادہ قابل احترام امیدوار ہیں۔

بی جے پی نے باضابطہ اعلان پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی ایک اہم میٹنگ کے بعد کیا۔ سابق وزیراعظم اور بی جے پی کے سینئر رہنما اٹل بہاری واجپئی کا کہنا ہے کہ بھیروں سنگھ شیخاوت نے نائب صدر اور ایوان بالا کے چیئرمین کی ذمہ داری سیاسی اور نظریاتی وابستگی سے بلند ہوکر انتہائی سیکولر انداز کے ساتھ ادا کی ہیں۔

بی جے پی کی اتحادی شیو سینا نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ بھیروں سنگھ شیخاوت کی حمایت کرے گیں یا نہیں۔ پارٹی اپنے فیصلے کا اعلان کل کرے گی۔

تیسرے محاذ کی ایک اہم جماعت اے آئی اے ڈی ایم کے کی سربراہ جے للیتا نے کہا تھا کہ وہ کانگریس کی صدر کی امیدوار کی حمایت نہیں کرے گیں۔