Sunday, 10 June, 2007, 01:18 GMT 06:18 PST
ہندوستان کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے مستقبل قریب میں پاکستان جانے کے امکان کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صدر پرویز مشرف کی مشکلیں نہیں بڑھانا چاہتے۔
منموہن سنگھ جرمنی میں جی ایٹ ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد سنیچر کے رات واپس دلی پہنچے۔
واپسی کے دوران اپنے خصوصی طیارے پر موجود صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ صدر مشرف کئی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور وہ پاکستان جاکر جنرل مشرف کے لیے کوئی ’پیچیدگی‘ نہیں پیدا کرنا چاہتے۔
پاکستان کے چیف جسٹس افتخار محمد چوھری کی ’معطلی‘ کے بعد پورے ملک میں وکلاء اور عوام کی جانب سے جنرل مشرف کے خلاف مظاہرے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے داخلی انتظامی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔ ’ہم کسی بھی شکل میں پاکستان کی انتظامی عمل میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔ پاکستان میں جو بھی اقتدار میں ہوگا ہم ان سے بات کرینگے۔‘
ہندوستان میں جولائی کے صدارتی انتخابات کے بارے میں وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ وہ ملک کا صدر اتفاق رائے سے منتخب کرنے کے حق میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخابات میں وہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد این ڈی اے سے حمایت کی امید کرتے ہیں کیونکہ ڈاکٹر عبدالکلام کے صدر بننے کے وقت کانگریس نے اس وقت اپوزیشن میں ہونے کے باوجود این ڈی کی حمایت کی تھی۔