Friday, 01 June, 2007, 07:20 GMT 12:20 PST
الطاف حسین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سری نگر
ہندوستان کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں متعدد فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کی جانب سے زخمیوں کی تعداد کے بارے میں کچھ بھی نہيں بتایا جارہا ہے تاہم غیر سرکاری ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی تعداد بیس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
دھماکے کا یہ واقعہ جمعہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب فوجیوں سے بھری ایک بس ایک سکول کے سامنے سے گزر رہی تھی۔ دھماکہ خیز مادے کو سڑک کے کنارے چھپایا گیا تھا اور بس کے گزرنے پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ دھماکہ کیا گيا۔
فوج کے ترجمان اے کے ماتھر کا کہنا ہے کہ دھماکے میں آرڈی ایکس کا استعمال کیا گيا ہے۔ انہوں نے کسی فوجی کی ہلاکت سے انکار کیا ہے اور یہ بھی بتانے سے گریز کیا کہ اس واقعہ میں کتنے فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
ماتھر کا کہنا ہے کہ دھماکے کے سبب فوج کے جوانوں کو معمولی چوٹیں آئي ہیں اور سبھی زخمی فوجیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
کسی بھی شدت پسند تنظیم نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں حزب المجاہدین ملوث ہو سکتا ہے کیونکہ ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ یہی تنظیم انجام دیتی ہے۔