Thursday, 31 May, 2007, 02:55 GMT 07:55 PST
بھارت کے زیرانتظام جموں کشمیر میں پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام ضلع ڈوڈا کے دور افتادہ جنگلات سے بھرے پہاڑی سلسلے میں شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں پولیس کا ایک ڈی ایس پی ہلاک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ جموں کے شمال مشرق میں دوسو دس کلومیٹر دور ضلع ڈوڈا کے اُدرانا علاقے میں کچھ شدت پسند روپوش ہیں، جس پر ڈی ایس پی شائیلی سنگھ کی قیادت میں پولیس کی ایک جمعیت نے علاقے کو گھیر لیا۔
ضلع ڈوڈا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس منوہر سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ جیسے ہی پولیس پارٹی نے گھیرا تنگ کیا تو شدت پسندوں نے ان پر شدید فائرنگ شروع کردی جس سے ڈی ایس پی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس نے فوج کی مدد طلب کی اور رات گئے تک آپریشن جاری رہا۔
کسی بھی شدت پسند تنظیم نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم پولیس کا خیال ہے کہ اس میں لشکر طیبہ ملوث ہے۔
شائیلی سنگھ پہاڑی علاقے میں کامیاب آپریشنز کے لیے شہرت رکھتے تھے۔ وہ جوان تھے اور حال میں ان کی منگنی ہوئی تھی۔ وہ دو مہینے بعد شادی کرنے والے تھے۔
شائیلی سنگھ کے والد انسپکٹر اودے وِیر سنگھ بھی جموں میں شدت پسندوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے تھے۔