Tuesday, 29 May, 2007, 04:40 GMT 09:40 PST
مشتبہ ماؤ باغیوں نے بھارت کے وسطی علاقے چھتیس گڑھ میں بارودی سرنگوں کے دھماکے کر کے نو پولیس اہلکاروں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کر دیا ہے۔
دارالحکومت دلی سے جنوب مشرق میں تقریباً پندر سو کلومیٹر دور چھتیس گڑھ کے علاقے کوندر میں پولیس اہلکار ماؤ باغیوں کو تلاش کر رہے تھے جب ان پر حملہ ہوا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
ماؤ نواز باغیوں نے حالیہ مہینوں میں اپنی کارروائیاں بڑھا دی ہیں۔ مارچ میں مشتبہ ماؤ باغیوں نے چھتیس گڑھ کے دور دراز جنگلوں میں ایک پولیس تھانے پر حملہ کر کے 55 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
آندھرا پردیش میں ماؤ باغیوں کے حملوں کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت اب تک چھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
چینی انقلاب کے رہنماء چیئرمین ماؤزے تنگ سے متاثر ہونے کا دعویٰ کرنے والے ماؤ باغی دیہی علاقوں میں بسنے والے غریب عوام کے لیے زمین اور روزگار کے مطالبات کے سلسلے میں بھارت کی کئی ریاستوں میں مسلح جدوجہد کا راستہ اپنائے ہوئے ہیں۔
ماؤ باغیوں کی کارروائیوں سے آندھرا پردیش، جھاڑ کھنڈ، بہار، کرناٹکا، اڑیسہ اور چھتیس گڑھ کی ریاستیں زیادہ متاثر ہو رہی ہیں۔