Tuesday, 22 May, 2007, 10:53 GMT 15:53 PST
عمر فاروق
حیدر آباد
ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں بعض مسلم تنظيموں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے حیدرآباد بم دھماکوں کی تفتییش مرکزی ادارے سی بی آئی سے کرانے کا یقین دلایا ہے۔
بعض مسلم تنظیموں کے نمائندوں کا ایک وفد پیر کو وزیر اعلیٰ راج شیکھر ریڈی سے ملا تھا اور یہ مطالبہ کیا تھا کہ اٹھارہ مئی کو حیدرآباد کی مکہ مسجد میں ہونے والے دھماکوں کی تفتیش سی بی آئی سے کرائی جائے۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمان اسدالدین اویسی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کی حامی بھر لی ہے۔ ’وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ پولیس انکوائری ختم ہونے کے بعد معاملے کی تفتیش سی بی آئی سے بھی کرائی جائے گی‘۔
اسدالدین اویسی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے مطابق انہوں نے واقعہ کے بعد مکہ مسجد پہنچ کر لوگوں کو یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ اس دھماکے کی سی بی آئی سے تفتیش کرائی جائے گی اور وہ آج بھی اپنے وعدہ پر قائم ہیں۔
مسلم تنظیموں کے علاوہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کئی تنظيموں نے بھی اعلان کر رکھا ہے کہ حکومت اگر اس معاملے کی سی بی آئی سے تفتیش نہیں کراتی تو وہ اپنا احتجاج مزید تیز کرديں گے۔