Thursday, 03 May, 2007, 17:03 GMT 22:03 PST
بالی وڈ کی اداکارہ شلپا شیٹی نے کہا ہے کہ ہالی وڈ اداکار رچرڈ گیئر کے ان کا بوسہ لینے پر اتنا ادھم مچانا ایک پاگل پن ہے۔
راجستھان کی ایک ذیلی عدالت نے رچرڈ گیئر کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا اور بالی وُڈ کی اداکارہ شلپا شیٹی کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔ پونم بھنڈاری نامی ایک وکیل نےان دونوں فلمی ستاروں پر عوامی مقام پر’فحش حرکتیں‘ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
رچرڈ گیئر نے شلپا شیٹی کو بانہوں میں لے کر بار بار ان کے بوسے لیے تھے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شلپا شیٹی اور رچرڈ گیئر دلی میں ہونے والے ایڈز کی بیماری سے آگہی کے ایک پروگرام میں شرکت کر رہے تھے۔
گیئر نے بعد میں اس حرکت پر معذرت کر لی تھی۔
شلپا شیٹی نے، جو اس وقت اپنی فلم کی تشہیر کے سلسلے میں آسٹریلیا میں ہیں، کہا کہ بوسے کا قصہ غیر معمولی طور پر بڑھا چڑھا کے پیش کیا گیا ہے۔ ’رچرڈ گیئر تو بس سویٹ ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔‘
اس سے قبل ہالی وڈ اداکار کے خلاف درخواست دائر کرنے والے مسٹر بھنڈاری نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ انہوں نے اس پروگرام کی سی ڈی مجسٹریٹ کو دکھائی تھی جس کے بعد عدالت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔’ میں اس منظر کو دیکھ کر رات بھر سو نہیں سکا، مجھے برا لگا اس لیے میں نے ان کے خلاف شکایت کی تاکہ انہیں اس جرم کی سزا مل سکے‘۔
بھنڈاری اکثر مفاد عامہ کی بنیاد پر درخواستیں داخل کرتے رہتے ہیں اور بقول ان کے تقریباً ہر ماہ وہ کوئی نہ کوئی عرضی دیتے ہیں۔