Tuesday, 24 April, 2007, 15:23 GMT 20:23 PST
ریاض مسرور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر سری نگر کے وسط میں حول کے قریب واقع قلعہ میں قائم فوجی چھاونی کو منتقل کر کے بیس سال بعد گزشتہ روز عام لوگوں کے لیے کھول دیا گیا۔
قلعے کو عام لوگوں کے لیے کھولا گیا تو قریبی بستی رعناواری کے محمد مقبول وانی دکان چھوڑ کر قلعہ دیکھنے کے لیے پہنچ گئے مگر قلعے کے احاطے میں پہنچتے ہی ان کی آنکھیں بھر آئیں۔
اس قلعے کے بارے میں مختلف روایات ہیں جن کے مطابق اسے اٹھارویں صدی میں پٹھان حکمرانوں نے کوہ ماراں یا ہاری پربت پر مغل شہنشاہ اکبر نے ناگر نگر کے نام سے بسایا تھا۔ اس میں ایک عسکری پناہ گاہ بھی قائم کی گئی اور حفاظت کے لیے پہاڑی پر ایک مضبوط قلعہ بھی بنوایا لیکن بعض موّرخین کہتے ہیں کہ قلعہ پہلے سے موجود تھا اور پٹھان حکمران عطا محمد خان نے اس کو نئی طرز پر استوار کیا۔
قلعہ کے جنوبی سرے پٹھان حکمرانوں کی بنوائی ہوئی اٹھارویں صدی کی مسجد کے کھنڈرات دیکھ کر وانی جذباتی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیس سال قبل جب وہ دوستوں اور بزرگوں کے ساتھ قلعے کی سیر کو آتے تو بزرگ اس مسجد میں نماز ضرور پڑھتے تھے۔
انہوں نے افسوس کرتے ہوئے کہا، ’ہم جانتے ہیں اکبر بادشاہ کٹر نہیں تھا۔ وہ سب دھرموں کی عزت کرتا تھا لیکن یہاں مندر ٹھیک ٹھاک ہے اور گوردوارا بھی لیکن مسجد میں ناپاکی ہے، گندگی اور کوڑا کرکٹ ہے۔ حکومت کو اس پر شرم آنی چاہیے‘۔
ہر مذہب کے لیے ایک مقدس مقام |
معروف محقق اور ریاستی کلچرل اکادمی کے سابق سربراہ محمد یوسف ٹینگ کہتے ہیں کہ جس پہاڑی پر یہ قلعہ واقع ہے اسے کشمیر کی سب سے قدیم تاریخ راج ترنگنی میں شاریکا پربت کہا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے چونکہ ہاری کشمیری زبان میں شارک یا مینا کو کہتے ہیں۔ بعد میں کشمیری ہندؤں نے اس کا نام ہاری پربت رکھا‘۔
ہندومائتھولوجی کے مطابق ہزاروں سال قبل کشمیر پانی سے گھرا ہوا تھا اور لوگ پہاڑیوں پر گزر بسر کرتے تھے۔ تاریخ میں ان کہاوتوں کو نقل کرتے ہوئے لکھا گیا ہے پانی میں ایک خونخوار راکھشش جلبودیو رہتا تھا جلدبھو رہتا تھا جو ناک سے دھواں خارج کرتا تھا تو پورے علاقے میں اندھیرا چھا جاتا ۔ اسی اندھیرے میں وہ انسانوں کا شکار کرتا تھا۔
![]() |
مسٹر خان کہتے ہیں کہ اسی ناگر نگر میں پٹھان حکمرانوں نے اپنی عسکری پناہ گاہ بنائی تھی، جس کی حفاظت کے لیے انہوں نے پہاڑی پر ایک قلعہ تعمیر کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’قلعہ میں مسجد بھی بنوائی گئی جس میں پانی کے نکاس کے لیے مٹی سے بنے پائپوں کا استعمال ہوا تھا۔
قلعے میں مندر کی موجودگی کے حوالے سے پروفیسر مسٹر خان کہتے ہیں کہ ’اسے سکیورٹی فورسز نے ہی بنوایا ہوگا، کیونکہ پچھلے سترہ سال سے ہم نے دیکھا کہ جہاں بھی فوج یا نیم فوجی دستوں نے کیمپ تعمیر کیے وہاں انہوں نے مندر بھی تعمیر کیے‘۔ بعض دانشوار مانتے ہیں مندر کو ڈوگرہ حکمرانوں نے بنوایا تھا۔
اس سلسلے میں مسٹر ٹینگ کہتے ہیں کہ ’پچھلے سترہ سال کے دوران قلعہ کو ایک چھاونی میں تبدیل کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے قلعہ کی خوبصورتی ختم ہو گئی ہے اور عبادت گاہوں کی ناقدری بھی ہوئی‘۔
قلعے کی دیکھ بھال کا ذمہ دار محکمہ آرکائیوز ہے۔ محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شفیع زاہد نے اعتراف کیا کہ ’نامساعد حالات کی وجہ سے قلعہ کی تاریخی ہیئت کو محفوظ نہ کیا جاسکا‘۔
عبادت گاہوں کی ناقدری |
قلعے کی سیر کے لیے آئے سکول بچوں کی ایک جمعیت نے بتایا کہ وہ جب بھی قلعے کو دیکھتے تھے ان کے دل میں قلعے کے اندر جانے کی خواہش ہوتی تھی۔
ان میں شامل عرفان اور قیصر کا کہنا تھا کہ، ’اندر تو فورسز نے سب ختم یا ڈسٹرائے کر دیا ہے‘۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پچھلے دس سال میں کئی مرتبہ حکومت سے درخواست کی تھی کہ قلعہ میں موجود فورسز کو ہٹایا جائے، کیونکہ اس علاقے میں تشدد کی کوئی واردات نہیں ہوتی۔
ایک مقامی باشندے وکیل احمد جو قلعہ کی سیر کے لیے آئے تھے کہا کہ ’ کشمیر کی مسلح شورش چونکہ ڈاؤن ٹاون شروع ہوئی، لہٰذا قلعہ کو سکیورٹی ایجنسیوں نے شہر پر نظر رکھنے کے لیے ایک واچ ٹاور کی طرح استعمال کیا۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ شروع میں قلعے کو گرفتار نوجوانوں پر تشدد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا۔
قلعہ کی فصیل دو سو فٹ بلند ہے اور چاروں طرف حفاظتی چبوترے (گارڈ روم) بنے ہوئے ہیں۔ اندر دو سطحوں میں بٹے وسیع احاطے ہیں اور دونوں احاطوں میں تالاب ہیں لیکن دونوں تالاب فی الوقت آلودہ ہیں۔
اسلحہ اور گولہ بارود کے لیے قطاردرقطارتہہ خانے بنے ہوئے ہیں اور دفاعی فصیل میں فائرنگ اور توپوں سے گولہ باری کے لیے باقاعدہ مورچے بنے ہوئے ہیں۔