Monday, 16 April, 2007, 12:53 GMT 17:53 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
رچرڈ گئر کے بوسے
ایب اور ایش کی شادی کی تیاریاں، سیف کے لیے لڑکی کی تلاش میں سلو بھیا کی مدد، رتیک کا خانساماں، پریتی، ہمیش ڈینو کی چٹپٹی خبریں سنانے کے لیے ہم بے چین تھے کہ اسی دوران ایک اور چٹپٹی خبر آئی، خیر خبر کیا اسے تو پوری دنیا نے دیکھا، کچھ محظوظ ہوئے، مزہ لیا اور بقیہ نے ہندستانی تہذیب کی دہائی دی، اور ہم نے سوچا کہ یہی خبر آج ڈائری کی اولین خبر بن سکتی ہے۔
خبر یہ ہے کہ ہالی وڈ اداکار رچرڈ گئر ایڈز بیداری مہم کا حصہ ہیں اور دلی میں وہ شلپا شیٹی کے ساتھ ایک پروگرام میں شریک ہوئے۔ سیکڑوں حاضرین کی موجودگی میں رچرڈ نے مائیک پر بولتی ہوئی شلپا کے گالوں پر پہلے بوسہ دیا پھر اسے پوری طرح جکڑ کر جھکا دیا اور گالوں کو چومتے رہے۔ حیرت زدہ شلپا مسکرانے کی اداکاری کرتی رہیں اور پھر سٹیج چھوڑ کر چلی گئیں۔
شلپا بے بی اس میں حیرت زدہ ہونے کی بات ہی نہیں تھی۔ بگ برادر میں حصہ لینے اور شو جیتنے کے بعد ہمیں لگتا ہے کہ ہالی وڈ نے آپ کو اپنا حصہ مان لیا ہو گا اور اسی لیے تو رچرڈ نے ہالی وڈ سٹائل میں آپ کو سر عام چوم لیا۔
![]() | |
| ایش نے شاید ساسو جی پر جادو کر دیا |
نظر نہ لگے
آئیفا ایوارڈ فلموں کی نامزدگی کے لیے پریس کانفرنس بلائی گئی تھی جس میں ایب اور ایش بھی بگ بی کے ساتھ آنے والے تھے۔ سارا میڈیا اس انتظار مین تھا کہ شادی سے پہلے دونوں ایک ہی پلیٹ فارم پر آئیں تو پھر سوالات کی بوچھار کی جائے گی۔ لیکن اچانک سب کو ایس ایم ایس ملنے شروع ہو گئے کہ پارٹی منسوخ کر دی گئی ہے۔ ہمارے خبری نے کہا کہ جیسے ہی جیا کو اس پریس کانفرنس کے اطلاع ملی وہ برہم ہو گئیں کہ شادی سے پہلے اس طرح پبلک میں ایک ساتھ دولہا دلہن کا نظر آنا بدشگونی ہے اور اس جوڑے کو نظر لگ سکتی ہے۔ جیا جی آپ کس زمانے کی باتیں کر رہی ہیں کیا یہ وجہ آپ کو صحیح لگتی ہے؟ ہمیں تو نہیں۔۔۔۔۔۔
![]() | |
| لڑکیوں نے سیف کی تعریف کی فوٹو کھنچوائے |
ہوا یوں کہ شہر کے ایک ہوٹل میں سیف، سلو، کنگ خان اور ان کی بیوی گوری رات کا کھانا کھا رہے تھے۔ ان کے قریب کی میز پر چند خوبصورت لڑکیاں بیٹھی تھیں۔ سلو یکایک اپنی نشست سے اٹھے ان کے پاس پہنچے اور کہا ’ہائے میں سلمان خان ہوں میرا ایک دوست ہے جو ہینڈسم لیکن اکیلا ہے کیا آپ ان سے ملنا پسند کریں گی۔‘ اس سے پہلے کہ لڑکیاں کچھ جواب دیتیں، سلو نے سیف کو آواز دے دی۔ چھوٹے نواب کو کچھ پتہ نہیں تھا، وہ فون پر بات کر رہے تھے۔حیران سیف جب ٹیبل پر پہنچے تو سلو نے بتایا کہ یہی وہ دوست ہے۔ لڑکیوں نے سیف کی تعریف کی فوٹو کھنچوائے۔ اور اس دوران کنگ خان اور ان کی بیگم سلو کی زندہ دلی سے محظوظ ہوتے رہے۔
بھیجہ فرائی
نہیں ہم کسی پکوان کی ترکیب نہیں بتا رہے اور نہ ہی ہم کچھ پکا رہے ہیں۔ ہمارا ایسا ارادہ بھی نہیں ہے۔ یہ تو ہم بالی وڈ فلم کا ٹائٹل بتا رہے ہیں۔جی ہاں بھیجہ فرائی۔ ویسے اس طرح کے مضحکہ خیز ٹائٹل کی ہمارے یہاں کمی بھی نہیں ہے۔ کل اگر آپ چکن فرائی، بھونا گوشت وغیرہ وغیرہ جیسے ٹائٹل پڑھیں تو حیران مت ہو جائیے گا۔
![]() | |
| جب میری پینٹنگ کی صحیح بولی لگے گی میں تب ہی اسے نیلام کروں گا: سلمان خان |
رول کے لیے کتے پالیئے
ہم مذاق نہیں کر رہے ہیں بھئی۔ یہ صحیح ہے۔ فلم بھیجہ فرائی میں ماڈل بھیروی گوسوامی کو رول اسی لیے ملا کیونکہ ان کے پاس وہ کتے تھے جن کی فلم کی کہانی میں ضرورت تھی۔ بیچاری کم شرما کے پاس ایسے کتے تھے ہی نہیں اور اسی لیے وہ اس فلم میں کام نہیں کر سکیں۔
اداکاری کے لیے شراب
اداکار ڈینو موریہ نے فلم ’لائف میں کبھی کبھی‘ میں شرابی کی اداکاری کے لیے پوری بوتل شراب پی لی اور پھر لڑکھڑاتے ہوئے مکالمے ادا کئے۔لوگوں نے کہنا شروع کر دیا ’دیکھا اسے کہتے ہیں سچی اور صحیح اداکاری۔‘ لیکن کیا کریں ہمیں تو فنکار کیشٹو مکھرجی کی یاد آرہی ہے جو بنا پئے بہکتے اور لڑکھڑاتے تھے اور تالیاں بٹورتے تھے۔
![]() | |
| ہوئی۔یقین نہیں آیا عدنان نے ایک سو آٹھ کلو وزن کم کر لیا |
ہمیش کا انجام
ہمیش ریشمیا اپنی پہلی فلم کے کلائمکس کو لے کر پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی لیے انہوں نے اپنی فلم کے پہلے سے دو کلائمکس تیار کر لیے ہیں۔ ایک انجام دردناک اور دوسرا خوشیوں بھرا۔ ہمیش جی یہ بات تو طے ہے کہ لوگ خوشیوں بھر انجام دیکھنا پسند کرتے ہیں پھر آپ کو کیا پریشانی ہے۔ دراصل ہم آپ کو راز کی بات بتاتے ہیں۔ ہمیش کے ہر البم کا انجام دردناک ہوتا ہے اور آج تک ہر البم کامیاب ہوا اس لیے وہ اسے اپنے لیے لکی مانتے ہیں۔اب انہیں ڈر ہے کہ وہ اگر کلائمکس بدل دیا تو کہیں فلم فلاپ نہ ہو جائے۔ کوئی بات نہیں ہمیش جی اگر فلم فلاپ ہوئی تو آپ دوسرا کلائمکس استعمال کر کے فلم کو دوبارہ ریلیز کرا سکتے ہیں کیوں کیسا خیال ہے؟
پیسہ بولتا ہے
ہاں آج کے دور میں پیسہ بولتا ہے۔ دبئی سے کسی شیخ یا لندن امریکہ سے کسی صنعت کار کی شادی میں رقص کرنے کا پیغام بالی وڈ ستاروں کو ملتا ہے تو وہ فورا تھرکنے کے لیے راضی ہو جاتے ہیں کیونکہ ملنے والی تگڑی رقم کے آگے باقی کچھ معنی نہیں رکھتا۔ حال ہی میں بالی وڈ کے بڑے ستارے دبئی میں ایک انڈین بزنس مین کی شادی میں پہنچے جو وہاں کے ایک شیخ کے محل میں ہوئی اور ہماری اطلاع کے مطابق معاوضہ تھا پچاس لاکھ روپے۔ اب ایسے میں کوئی یہ کہے کہ فنکار کا فن اس طرح نہیں بکنا چاہئے تو ایک منٹ ٹھہر جائیے آپ سے کہا جائے گا یہ سب پرانی باتیں ہیں۔
قطرینہ سے ڈر لگتا ہے
جی ہاں! اب فلموں کے سپاٹ بوائے کہتے ہیں کہ انہیں قطرینہ کیف سے ڈر لگتا ہے کیوں بھئی! پتہ چلا کہ اگر کسی نے کچھ کہا اور قطرینہ بے بی کا خیال نہیں رکھا تو قطرینہ بے بی فورا سلو بھیا کو فون کر دیتی ہیں اور پھر آپ سمجھ سکتے ہیں۔۔۔۔