Sunday, 15 April, 2007, 14:32 GMT 19:32 PST
اترپردیش میں ایک انتخابی ریلی کے دوران کانگریس پارٹی صدر سونیا گاندھی کے بیٹے راہول گاندھی نے کہا ہے کہ گاندھی خاندان نے پاکستان کو دو حصوں میں توڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
راہول گاندھی نے یہ بات اتوار کو بریلی میں کانگریس امیدوار پروین سنگھ ارون کی ایک انتخابی ریلی کے دوران کہی ہے۔
سابق وزیراعظم آنجہانی راجیوگاندھی کے بیٹے راہول کا کہنا تھا: ’گاندھی خاندان جو بھی کام کرنے کا سوچتا ہے۔ اسے پورا کرکے آگے بڑھتا ہے۔ چاہے وہ ہندوستان کی آزادی ہو، یا پاکستانی کو توڑنے کا کام یا پھر ہندوستان کو اکیسوی صدی میں لے جانے کا کام۔ ہم پیچھے نہیں ہٹتے‘۔
جب اس سلسلے میں پاکستان کے وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کے اس بیان سے یہ بات درست ثابت ہوئی ہے کہ بھارت پاکستان کو توڑنے کا خواہشمند ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ راہول اہم رہنما نہیں ہیں۔
راہول گاندھی کے متنازعہ بیانات کے بعد سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اترپردیش میں کانگریس کی حالت مضبوط نہیں ہے اور راہول گاندھی کو ماضی سے زیادہ ریاست کے مستقبل پر دھیان دینا چاہیے تب ہی وہ ووٹرز کو اپنی پارٹی کی طرف راغب کر سکتے ہیں۔
اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے دوران راہول گاندھی انتخابی ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ راہول گاندھی کے علاوہ ان کی بہن پرینکا گاندھی وڈھیرا بھی اپنی والدہ سونیا گاندھی کے ہمراہ راہول کے پارلیمانی حلقوں رائے بریلی اور امیٹھی میں ووٹروں سے رابطے کے لیے وہاں پہنچی ہیں۔