http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 15 April, 2007, 09:20 GMT 14:20 PST

شکیل اختر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی

دلی ڈائری:’ملا کی دوڑ اسمبلی تک‘

ملا کی دوڑ
بچپن سے یہ محاورہ سنتے آئے ہیں کہ ملا کی دوڑ مسجد تک لیکن اگر مغربی یوپی کے انتخابات پر نظر ڈالیں تو یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ 'ملا کی دوڑ اسمبلی تک'۔

اترپردیش کے مغربی اضلاع میں کئی بڑے مولانا اور مولوی تو بذات خود انتخابی میدان میں ہیں اور کئی مولانا اور علماء کی تنظیمیں اپنی حمایت اور بیانات کے ذریعے اتر پردیش کی سیاست میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

مغربی یوپی کے اردو اخبارات ان دنوں علماء اور سیاست میں سرگرم مولویوں کی تصاویر، اپیلوں اور بیانات سے بھرے ہوئے ہیں۔

ہندوتوا کی واپسی

راج ناتھ سنگھ کے بی جے پی کا صدر بننے کے بعد پارٹی میں ایک بار پھر ہندوتوا کا بول بالا ہے۔ہندو توا یوں تو پارٹی کاایک اہم پہلو ہے لیکن دوسری جماعتوں سے اتحاد اور مفاہمت کے سبب بی جے پی کو اپنے کٹر واد کے نظریات پر قابو رکھنا پڑا تھا۔
بی جے پی کے سینئر رہنما
ایک بار پھر ہندوتوا کا نعرہ

اتر پردیش کے انتخابات میں وہ ایک بار پھر ہندوتوا کے نعرے کے ساتھ انتخاب میں اتری ہے اور کئی ایکزٹ پولز میں بہتر کارکردگی کی پیش گوئی کے بعد بی جے پی سخت گیر ہندوئیت کے نظریات کی طرف پوری طرح لوٹنے کی تیاری کر رہی ہے۔

انتخابات میں ہیلی کاپٹر

انتخابی کیمشن کے سخت ضوابط کے نتیجے میں اتر پردیش کے انتخابات میں نہ تو بینر ہیں نہ پوسٹراور نہ ہی دیواروں پر نعرے اور امیدواروں کے نا م لکھے ہیں عوام تک پہنچنے کا اب ایک ہی موثر راستہ ہے اوروہ ہے جلسے اور ریلیاں۔

ابھیشیک کی شادی کا دعوت نامہ

یس اپریل کو ابھشیک اور ایشوریہ کی شادی میں مہمانوں کی تعداد بہت کم ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ امیتابھ بچن نے صرف ایک سو لوگوں کو مدعوں کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس شادی میں صرف دو سیاسی رہنماؤں اترپردیش کے وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو اور شیو سینا کے سربراہ بال ٹھاکرے کو مدعو کیا گيا ہے۔
امر سنگھ کا نام تو بچن فیملی کی طرف سے بھیجے گئے کارڈ میں فیملی ممبر کی طرح دعوت دینے والوں میں شامل ہے۔ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ شادی ميں گاندھی فیملی کو دعوت دی گئی یا نہیں۔ خبر یہ ہے کہ دلیپ کمار اور شاہ رخ خان کو بھی شادی میں بھی نہيں بلایا گيا ہے۔ شادی اٹھارہ اپریل سے بچن کی ممبئی کی رہائش گاہ پر مہندی کی رسم سے شروع ہو گی اور بیس اپریل کو سات پھیروں کے ساتھ انجام پائے گی۔

پائلٹوں کی بڑھتی مانگ

ہندوستان ميں فضائی مسافروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر گزشتہ برسوں میں متعدد نئی ایرلائنز وجود میں آئی ہیں۔ایرلائنز کی حالت یہ ہے کہ ہرایر الائنز میں پائلٹوں کی کمی ہے ۔متعدد ایر لائنز نے غیر ملکی پائلٹس بھرتی کیے ہیں۔

ججوں کی ایمان داری

دلی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہےکہ اگر کو ئی جج اپنے سرکاری بنگلے کو کرائے پر دیتا ہے یا کسی ایسی جگہ سرمایہ کاری کرتا ہے جس کا حساب کتاب نہیں ہے تو یہ بنیادی ضوابط کے خلاف ورزی ہےاور ایسے جج کو فوراً برطرف کیا جا سکتا ہے۔

ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی خلاف ورزی کو آسانی سے نہیں لیا جا سکتا ۔جج ایسے عہدے پر فائز ہوتا ہے جس کی بنیاد عوام کا اعتماد ہے اس لیے اپنی ذاتی زندگی میں ایمانداری اور اخلاقی قدروں کی نمائندگی کرنی چاہیے جو سبھی کو قبول ہو۔