Sunday, 15 April, 2007, 08:38 GMT 13:38 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک اور سابق ملکۂ حسن ایشوریہ رائے کی شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
بیس اپریل کو ہونے والی بالی وڈ کی اس مشہور جوڑی اور بالی وڈ کے اہم خاندان کی یہ شادی اس سال کی سب سے اہم شادی ہے۔ اس کے لیے سارے میڈیا کی نظریں اس پر ہیں۔
منڈپ سجائے جا رہے ہیں۔ مہمانوں کو خوبصورت دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں۔ ہونے والی ساس جیا بچن نے بہو کے لیے کلکتہ سے زیورات بنوا لیے ہیں اور سنگیت کے لیے فلمساز کرن جوہر کی نگرانی میں ابھیشیک کے دوست رقص کی ریہرسل میں مصروف ہیں۔
امیتابھ بچن یہ شادی سادگی کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی والدہ تیجی بچن کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ ہسپتال مین زیر علاج ہیں اس لیے انہوں نے صرف دونوں گھرانوں کے رشتہ دار اور انتہائی قریبی دوستوں کو مدعو کیا ہے۔
![]() | |
| فلم انڈسٹری کے لیجنڈ دلیپ کمار بھی اس شادی میں مدعو نہیں ہیں |
صرف دو سیاستدانوں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں جن میں اترپردیش کے وزیر اعلی ملائم سنگھ اور شیوسینا سربراہ بال ٹھاکرے شامل ہیں۔
شادی کے کارڈ بہت خوبصورت ہیں۔ اسے چار صفحات میں منقسم کیا گیا ہے۔ پہلے صفحہ پر انگریزی کے دو حرف اے سفید رنگ میں لکھا ہے یعنی ابھیشیک اور ایشوریہ۔ دوسرے صفحہ پر بھگوان گنپتی کی مورت بنی ہے۔ ہندو دھرم کے مطابق کوئی بھی کام کرتے وقت گنپتی بھگوان کو یاد کیا جاتا ہے۔ اسی کے ساتھ چند شلوک لکھے ہیں۔
![]() | |
| ایشوریہ رائے کے لیے ان کی دوست ڈیزائنر نیتا للا نے لباس تیار کیا ہے |
شادی کی رسمیں اٹھارہ تاریخ سے شروع ہو جائیں گی۔ پہلے سنگیت ہوگا جس میں ابھیشیک کے دوست بالی وڈ دھنوں پر رقص کریں گے جس کی تیاری جا رہی ہے۔ کرن جوہر کی نگرانی میں انوپم کھیر کا بیٹا سکندر کھیر گولڈی بہل، چراغ دوشی، اپور لکھیا اور روہن سپی روزانہ رقص کی مشق کر رہے ہیں۔ مہمانوں کو ایک خوشگوار جھٹکا ملے گا جب ابھیشیک اور ایشوریہ ان کے سامنے ’کجرارے‘ کی دھن پر رقص پیش کریں گے۔
سنگیت کے بعد مہندی کی رسمیں انیس اپریل کو ہوں گی۔ راجستھان کے شہر سوجت سے مہندی منگوائی جا رہی ہے۔ اسی جگہ سے منگوائی گئی مہندی لز ہرلی کو بھی لگائی گئی تھی۔ سوجت کی مہندی پورے انڈیا میں مقبول ہے۔ ملک کی نوے فیصد مہندی کی یہاں کاشت ہوتی ہے۔
ایشوریہ رائے کے لیے ان کی دوست ڈیزائنر نیتا للا نے لباس تیار کیا ہے۔ امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن اپنے ڈیزائنر ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ کے بنائے لباس پہنیں گے۔ ایشوریہ رائے کی والدہ ورندا رائے کلکتہ کی مشہور ڈیزائنر شربری دتہ سے اپنے داماد اور سمدھی کے لیے لباس تیار کروا رہی ہیں۔
![]() | |
| امیتابھ بچن یہ شادی سادگی کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی والدہ تیجی بچن کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے |
ملائم سنگھ اور بال ٹھاکرے کو زیڈ پلس سکیوریٹی دی گئی ہے اور اسی لیے بنگلہ میں صرف ان کے سکیورٹی گارڈز کو جانے کی اجازت ہوگی۔
ذرائع ابلاغ کو اس شادی سے دور رکھا گیا ہے۔ کسی کو بھی دعوت نامہ نہیں بھیجا گیا۔ امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ یہ ان کی ذاتی معاملہ ہے اور وہ اسے سر عام کرنا نہیں چاہتے۔
شادی کے پھیرے بیس اپریل کو شام ساڑھے پانچ اور ساڑھے چھ کے درمیان ہوں گے جس میں تقریبًا سو مہمانوں کے شریک ہونے کی خبریں ہیں۔ بدائی کی رسم اکیس اپریل کو ایشوریہ رائے کے باندرہ لا میر فلیٹ سے ہو گی۔