Thursday, 12 April, 2007, 07:54 GMT 12:54 PST
ہندوستان نے زیادہ فاصلے پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے اگنی تھری میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق یہ تجربہ اڑیسہ کی ساحلی تجربہ گاہ سے جمعرات کی صبح کیا گیا اور ابتدائی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ تجربہ کامیاب رہا ہے۔
اگنی تھری انتہائی طاقتور میزائل ہے اور یہ ڈیڑھ ٹن وزنی جوہری بم لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی حد ساڑھے تین ہزار کلو میٹر ہے۔ شمال میں بیجنگ اور جنوب میں بحر ہند میں واقع ڈیئگوگارشیا جزیرے اس کے نشانے کی زد میں آتے ہیں۔
اگنی تھری کو دفاعی تحقیق و ترقی کے ادارے ڈی آر ڈی او نے تیار کیا ہے اور اسے ہندوستان کی دفاعی تیاری کا ایک اہم حصہ سمجھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل اس میزائل کا ایک تجربہ گزشتہ جولائی میں کیا گیا تھا جو کامیاب نہیں رہا تھا۔ میزائل داغے جانے کے تقریباً چھ منٹ بعد کنٹرول سے باہر ہوگیا تھا اور اس میں کچھ خرابی آگئی تھی۔
دفاعی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ پہلے تجربے میں میزائل کے دوسرے مرحلے کے راکٹ میں خرابی پیدا ہوئی تھی یا پھر راکٹ کے زمین کے مدار میں دوبارہ داخل ہوتے وقت گرمی کی شدت برداشت کرنے والی پرت کو نقصان پہنچا تھا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں نے میزائل کے ان نقائص کو دور کر لیا ہے۔گزشتہ جولائی میں اگنی کے تجربے پر چین نے تشویش ظاہر کی
تھی۔