Wednesday, 04 April, 2007, 07:59 GMT 12:59 PST
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں بدھ کو شدت پسند تنظیم یونائٹیڈ لبریشن فرنٹ آف آسام یعنی الفا کی اپیل پر ہونے والی ہڑتال سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔
ریاست میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے سبب صنعتی سرکاری دفاتر، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور تجارتی سرگرمیاں بند ہیں۔ سرکاری اور نجی ٹرانسپورٹ پر بھی اس کا برا اثر پڑا ہے۔
ہڑتال کی وجہ سے ٹرین سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں۔ بعض ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے تو کئی ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہیں۔ ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
الفا نے ہڑتال کی اپیل ریاستی پولیس کے ہاتھوں چھ الفا باغیوں کی بیویوں کی گرفتاری کے خلاف کی ہے۔ گرفتار کی جانے والی ان خواتین کے شوہر سال دو ہزار تین میں بھوٹانی افواج کی کارروائی کے بعد سے لاپتہ ہیں۔
گم شدہ الفا باغیوں کی بیویاں گزشتہ دس دن سے بھوک ہڑتال پر تھیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ انہیں ان کے شوہروں کے بارے میں معلومات دی جائے۔
![]() | |
| ہڑتال کے دوران کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے |
منگل کو ریاست کے شہر گوہاٹی کے ایک پُرہجوم بازار میں ایک دستی بم حملے میں نو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کاخیال ہے کہ ان حملوں کے پیچھے الفا باغیوں کا ہاتھ ہے۔
الفا اور مرکزی حکومت کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ گزشتہ برس ختم ہوگیا تھا۔ اس کے بعد شمال مشرقی خطے میں جاری تشدد سے سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔