Sunday, 01 April, 2007, 13:15 GMT 18:15 PST
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں عیدمیلادالنبی کے موقع پر شعیہ اور سنی جھڑپ میں کئی زخمی ہوئے ہیں جب کہ ایک اور شہر کانپور کے پُرتشدد واقعے میں ایک ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔تشدد کے یہ واقعات عیدالمیلادالنبی کے جلوس کے دوران پیش آئے ہیں۔
ریاست کے داخلہ سیکریٹری چندر مولی نے بی بی سی کو ان واقعات تصدیق کرتہ ہوئے بتایا کہ کانپور کا واقع لکھنؤ کے واقعے سے زيادہ سنجیدہ ہے۔ بقول مسٹر مولی کانپور میں پولیس اورعوام میں جھڑپیں ہوئیں جن میں کانپور کے ایڈشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (سٹی) سمیت آٹھ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پرانے لکھنؤ ميں شیعہ سنی جھڑپ مبینہ طور پر سنی فرقے کے جلوس کے ایک بینر پر ہوئی اطلاعات کے مطابق شیعہ فرقے کے لوگوں کو اس بینر پر اعتراض تھا۔
دونوں شہروں سے پولیس پر پتھراؤ اور پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کی بھی خبریں ملی ہیں۔دونوں مقامات پر اب حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں۔