http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 25 March, 2007, 15:13 GMT 20:13 PST

ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

بالی وڈ ڈائری: شکیرا کا بخار، کنگ کا اعزاز

شکیرا کا بخار
پورا ممبئی شکیرا کے بخار میں مبتلا ہے۔ ہزاروں ٹکٹ بک ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر شائقین سنسنی خیز گلوکارہ کی آواز نہیں بلکہ ان کی ادائیں دیکھنے کے لیے دیوانے ہوئے جا رہے ہیں نہ صرف پوپ میوزک کے دیوانے، ہائی سوسائٹی کے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بالی وڈ بھی شکیرا کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہے۔

کنگ سائز اعزاز
آہا ۔۔ آخر کار وہ دن آ ہی گیا جب کنگ خان لندن میں مادام تساؤ میوزیم میں ہالی وڈ اداکاروں بریڈ پٹ، روبی ولیمز اور وین رونی کے درمیان مسکراتے نظر آئیں گے۔ لیکن تین اپریل کو اس مجسمہ کی نقاب کشائی بھی تو خان ہی کریں گے اور تو اور اب ان پر پینتالیس منٹ کی فلم بھی بنی ہے جو ان کی پوری زندگی کا احاطہ کرے گی۔ اسے کہتے ہیں کنگ سائز اعزاز۔

نشاء کا غم
آپ نشا کوٹھاری نہیں جانتے، ارے وہی جنہوں نے رامو کی فلم جیمس میں ہیروئن کا کام کیا تھا۔ انہیں غم ہے کہ اب رامو ان کے بجائے جیا خان (نی شبد) کو زیادہ پروموٹ کر رہے ہیں۔ اب نشاء کو کون سمجھائے کہ یہی بالی وڈ دنیا ہے۔ پھر بے بی رامو نے کسی اور کے بجائے کبھی آپ کو بھی تو پروموٹ کیا تھا اس پر آپ کا کیا کہنا ہے۔
کرینہ کپور ایک اور آئٹم نمبر میں نظر آئیں گی

بوبو کا آئٹم رقص
بو بو (کرینہ کپور) اب آئٹم گرلز کی چھٹی کرنے پر تلی ہیں۔ ایک سال آرام کرنے کے بعد بوبو جب کیمرے کے سامنے آئٹم کرنے پہنچیں تو لوگوں کے ہوش اڑ گئے۔ اب ڈان کے بعد ایک اور آئٹم نمبر کیوں؟ بوبو کا کہنا ہے کہ جب لولی سنگھ جیسے دوست کہتے ہیں تو انکار نہیں کیا جاتا۔۔۔بے بی ابھی تو آپ کی اداکاری نکھرنے لگی ہے اور ایسے وقت میں فلمیں چھوڑ کر آئٹم نمبر! ذرا سوچ سمجھ کر قدم بڑھائیے۔

قطرینہ کا بھولا پن
ہر روز شوٹنگ کے بعد اداکاروں کووہ تمام سامان واپس کرنا ہوتا ہے جسے وہ پہن کر شوٹنگ کرتے ہیں۔ لیکن سنا ہے کہ قطرینہ نے تو ’نمستے لندن‘ کی شوٹنگ کے بعد سترہ ہزار پونڈز میں خریدے گئے تمام کپڑے فلمساز وپل شاہ کو واپس ہی نہیں کیے۔ پوچھے جانے پر قطرینہ نے انتہائی بھولے پن سے کہا کہ وہ کپڑے انہوں نے لندن سے خود خریدے تھے ( بے شک فلمساز کے پیسوں سے) انہوں نے اتنی محنت کی تو کیا وہ یہ کپڑے نہیں رکھ سکتیں؟

جب ایب کنگ خان سے ملے
فلم سٹی میں کنگ خان اپنی ہوم پروڈکشن فلم ’اوم شانتی اوم‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اچانک سیٹ پر ایب ( ابھیشیک بچن) پہنچ گئے۔ سب سکتے میں۔ کیوں؟ ارے بھئی کسی نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ کنگ اور شہنشاہ کے درمیان اگر جنگ چل رہی ہو تو ان کا بیٹا ملاقات کے لیے آ سکتا ہے۔ پتہ چلا ایب بھی فلم سٹی میں ہی ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے آئے تھے اور انہیں پتہ چلا کہ فرح خان اور کنگ خان کی پوری ٹیم وہاں موجود ہے تو وہ بھی وہیں پہنچ گئے۔ خیر چھوڑیے یہ بتایے کہ دونوں کے درمیان کیا بات ہوئی ہوگی؟ نہیں پتہ۔ جی نہیں وہ جو آپ سوچ رہے ہیں، وہ غلط ہے۔ اب ایب کنگ خان کی فلم میں بطور مہمان اداکار کام کریں گے۔

تنو بیہوش
تنو شری دتہ فوٹو شوٹ کے دوران بیہوش ہو کر گر پڑیں۔ ارے بابا! صحیح خبر ہے اب جب ’خوبصورت‘ دکھائی دینے کے لیے ہیروئن کھانا ہی نہیں کھائیں گی تو یہی ہونا ہے، ناں! ہم نے تو سنا ہے کہ ہالی وڈ کی ایک ہیروئن جس کی حال ہی میں شادی ہوئی ہے۔ ان کی شادی کا گاؤن ایسا تھا کہ اس میں ان کی کمر نہیں سما رہی تھی۔ بس کیا تھا، انہوں نے شام چار بجے کے بعد سے دوسرے دن تک کھانا پینا بند کر دیا تھا۔۔۔ ۔۔۔ہمیں آپ سے ہمدردی ہے۔

عدنان کا نیا البم
اپنے عدنان سمیع کا اگر آپ نیا روپ دیکھ لیں تو آپ حیرت زدہ رہ جائیں گے کہاں وہ گوشت کا پہاڑ اور کہاں یہ فٹ اور ہینڈسم عدنان۔ خیر یانا گپتا ان کے نئے البم میں ان کے ساتھ ہیں اور وہ بھی اس طرح کہ انہوں نے عدنان سے اس البم میں کام کرنے کے لیے ایک پیسہ نہیں لیا۔ ویسے آپ سے ایک بات کہیں عدنان شروع سے ہی مقبول رہے ہیں۔ اب ان کے اس نئے روپ کے ساتھ تو حسیناؤں میں ان کی مقبولیت بڑھ گئی ہے۔ ہم مذاق نہیں کر رہے ہیں۔ ان کی البم میں ہمیشہ بالی وڈ کی ٹاپ کی حسیناؤں نے کام کیا ہے جن میں رانی مکھرجی سرفہرست ہیں۔ واہ جی عدنان۔۔۔۔۔بہت خوب۔

اکشے کی قینچی
اکشے کمار اور قینچی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ بالی وڈ میں مشہور ہے کہ اکشے جس فلم میں بھی کام کرتے ہیں وہ اس میں اپنے ساتھ اداکاروں کا رول کاٹنے میں ماہر ہیں۔ فلم ’نمستے لندن‘ میں وہ اور اوپین پٹیل ساتھ میں ہیں۔ لیکن سنا ہے کہ فلم کے بعد دونوں میں رنجشیں بڑھ گئی ہیں۔ بات وہی پرانی اکشے اس سے انکار کرتے ہیں لیکن پھر کیا وجہ تھی کہ فلم کی تشہیرکے لیے دی گئی پارٹی میں اوپین پٹیل موجود نہیں تھے۔۔۔۔
قطرینہ اور سیف علی خان فلم ’ریس‘ میں ایک ساتھ کام کر رہے ہیں

قطرینہ کا نیا ساتھی
گھبرائیے مت قطرینہ نے سلو بھیا کو چھوڑ کر کسی اور کو اپنا ساتھی نہیں چنا ہے بلکہ انہیں شطرنج کھیلنے کے لیے ایک اچھا ساتھی مل گیا ہے اور وہ کوئی اور نہیں اپنے چھوٹے نواب یعنی سیف علی خان ہیں۔ قطرینہ اور سیف فلم
’ریس‘ میں ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ قطرینہ کو شکایت ہے کہ بالی وڈ میں کوئی بھی اداکار (اب تک انہوں نے جن کے ساتھ کام کیا ہے)، شطرنج کھیلنا نہیں جانتا لیکن سیف ایک اچھے کھلاڑی ہیں۔ کہاں جی! سیف اگر اچھے کھلاڑی ہوتے تو کیا ان کا دل یوں ٹوٹتا۔۔۔

میرا کی پریشانی
میرا نائر کی فلم ہو اور رندیپ ہودا جیسے اداکار کام کرنے سے انکار کریں؟ نہیں یقین آتا نا! ہمیں بھی نہیں آیا لیکن پتہ چلا کہ نائر ایڈز پر ایک مختصر فلم بنا رہی ہیں اور اس میں انہیں ایک ہم جنس پرست اداکار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہودا سے بات کی لیکن ہودا نے منع کر دیا۔ اس سے پہلے کئی اور ستاروں نے ہچکچاہٹ ظاہر کی۔ نائر کہتی ہیں جب فنکار ہی اس طرح کی سوچ رکھتے ہیں تو بالی وڈ میں فلمیں بولڈ موضوع پر کس طرح بنیں گی۔۔۔ہاں میرا آپ کی بات صد فیصد صحیح لگتی ہے۔

امیشا کی تندرستی کا راز
امیشا پٹیل کی تندرستی کا راز؟ چٹپٹے فرسان یعنی ویفرز، تلے ہوئے مصالحہ دار مونگ اور چنے کی دال وغیرہ وغیرہ۔ جی ہاں! امیشا شوٹنگ کے دوران جب یہ سب کھانے لگتیں تو لوگ حیران ہو جاتے کیونکہ بالی وڈ ہیروئن یعنی بغیر تیل اور مصالحہ کے کھانے اور وہ بھی ایک وقت۔ اب سیٹ پر موجود دیگر ہیروئن امیشا سے ان کے فٹ رہنے کے گر سیکھنا چاہتی ہیں۔