Saturday, 24 March, 2007, 08:59 GMT 13:59 PST
بھارت کے زیرِانتظام جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے حکام نے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
دونوں گروہوں کے درمیان تصادم دو روز قبل شروع ہوا تاہم کرفیو کا نفاذ ہفتے کی صبح سے کیا گیا ہے۔
جموں پولیس کے مطابق شہر سے تقریباً دو سو کلومیٹر کے فاصلے پر سرحد کے پاس میندھر قصبے میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ایک زمین پر تنازعہ ہے اور دونوں برادریوں کا دعوی ہے کہ وہ زمین ان کی ملکیت ہے۔
دو روز قبل مسلمانوں نے اس زمین پر تعمیراتی کام شروع کیا تھا جس پر دونوں گروہوں میں تصادم شروع ہوا۔ پولیس کو اس تصادم میں شریک افراد پر قابو پانے کے لیے آنسوگیس استعمال کرنا پڑی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کشیدگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اس لیے احتیاطی طور پر کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔
میندر قصبے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ وہ دونوں برادریوں کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں تاکہ مسئلے کو بآسانی حل کیا جا سکے۔