Wednesday, 28 February, 2007, 03:42 GMT 08:42 PST
بھارتی حکومت آج سالانہ وفاقی بجٹ پیش کر رہی ہے۔ توقع ہے کہ اس بجٹ میں زراعت اور بنیادی ڈھانچے کی طرف زیادہ توجہ دی جائے گی۔
برسرِ اقتدار جماعت کانگریس افراطِ زر کی طرف بھی توجہ دے گی جو کہ گزشتہ دو سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔
تجزیہ کاروں نے تشویش ظاہر کی ہے کہ کہیں معیشت ’اوور ہیٹ‘ نہ ہو جائے کیونکہ ترقی کی شرح نو فیصد کے قریب ہے۔
وزارتِ خزانہ کی ایک رپورٹ میں منگل کے روز اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ اقتصادی ترقی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حکومت کے سالانہ سروے میں کہا گیا ہے کہ انڈیا کی معیشت معتدل ترقی کے مرحلے سے تیزی سے ترقی کے مرحلے کی طرف بڑھ گئی ہے۔
تاہم رپورٹ میں زراعت کے شعبے کے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا کیونکہ اس کی ترقی میں گزشتہ سال کی نسبت چھ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق زراعت جیسے شعبے میں، جس سے دو تہائی بھارتیوں کا روز گار وابستہ ہے، کمی اترپردیش جیسی اہم ریاست میں ہونے والے انتخابات سے پہلے حکومتی وزراء کے ذہن میں اچھی طرح نقش ہو گی۔
بھارتی صنعتی ادارے ’ریلائنس انڈسٹریز‘ کے چیف اکانومسٹ ٹی کے بھومک کے مطابق ’کسی بھی سیاسی معیشت میں وزیرِ مالیات کو سیاسی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھنا چاہیئے۔‘
انہوں نے کہا کہ انتخابات کی وجہ سے اس مرتبہ کے بجٹ کا محورماڈرن انڈیا کی بجائے روایتی انڈیا ہو گا۔