Sunday, 25 February, 2007, 08:14 GMT 13:14 PST
شکیل اختر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی
سمجھوتہ کے قاتل
گزشتہ ہفتے سمجھوتہ ایکسپریس کے خونریز بم دھماکوں اور اس سے متعلق خبریں پورے ہفتے ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں چھائی رہیں۔ لاشوں کو جلے ڈبے سے نکالنے، زخمیوں کے علاج اور رشتے داروں کی خبروں کے بعد اس بات پر توجہ مرکوذ رہی کہ دھماکہ کس نے کیا۔
ہندوستان اور پاکستان کی جانب سے سرکاری طور پر اس سلسلے میں کسی طرح کی الزام تراشی اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا گیا لیکن میڈیا میں دوسرے روز سے ہی قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں یہ شکوک ظاہر کیے گئے کہ ان دھماکوں میں ہندو انتہا پسند ملوث ہیں تو ہندوستان کے اخبارات اور ٹی وی چینلز ابتدا سے ہی اس میں لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسی شدت پسند گروپوں کا نام لے رہے تھے۔ دلچسپ پہلوں یہ ہے کہ یہاں کسی بھی حلقے میں ایک لمحہ کے لیے اس طرح کا خیال نہیں آنے دیا گیا کہ ان دھماکوں میں ہندو تنظیم کا بھی ہاتھ ہو سکتا ہے۔ ہندوستان کے مسلمان بڑے حیران ہیں۔
گودھرا کے قیدی
پچھلے دنوں سپریم کورٹ نے سال دو ہزار دو میں گودھرا میں ٹرین جلائے جانے کے واقعے میں انسداد دہشت گردی قانون’پوٹا‘ کے تحت قید ملزموں کو ضمانت کے لیے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
گودھرا کے واقع میں شہر کے معزز افراد سمیت اسّی سے زیادہ لوگ تقریبا پانچ برس سے قید ہیں۔ مرکز کی ایک جائزہ کمیٹی نے یہ سفارش کی تھی کہ ان ملزموں سے پوٹا ہٹا لیا جائے کیوں کہ ان پر الزامات کی نوعیت مختلف ہیں۔ ابھی تک اس پر عمل نہیں ہوسکا تھا لیکن سپریم کورٹ کے تازہ ترین فیصلے سے گودھرا کے قیدیوں کی امیدیں بڑھی ہیں۔
والدین کو نظر انداز مت کیجیے
بیٹے اور پوتے اگر اپنے والدین اور بزرگوں کا خیال نہیں رکھیں گے تو اب انہیں سزا ہو سکتی ہے۔
حکومت نےایک ایسا بل وضع کیا ہے جس کے تحت ایسے بیٹے اور پوتوں کو تین مہینے تک کی سزائے قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے جو اپنے والدین اور داداو دادی کے لیے باوقار طریقے سے رہنے کا انتظام نہیں کرتے۔ والدین کو بے سہارا چھوڑنے کی صورت میں ماں باپ کی جائیداد پر بیٹے اور پوتوں کے حق کو ختم کرنے کی بھی تجویز ہے۔
سونے کی کان
ہندوستان سونا درآمداد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ ہر برس 470 ٹن سونا باہر سے خریدا جاتا ہے۔ حال ہی میں راجستھان میں باسواڑہ ضلعے میں ایک مقام پر سونے کی کا ن دریافت ہوئی ہے۔ اس کی دریافت اسٹریلیاکی ایک کمپنی نے کی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کان میں بڑی مقدار میں سونا موجود ہے اور ہر برس اس میں سے تقریبا آٹھ ٹن سونا نکالا جا سکےگا۔
بالی ووڈ سے بھی آگے
فلموں کی بات آتی ہے تو ہندوستان میں فورا نظر بالی ووڈ کی طرف جاتی ہے لیکن یہاں بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ تمل، ملیائی، گجراتی، آسامی، بنگالی اور بھوجپوری میں بھی باقاعدہ مقامی فلم صنعت ہے۔2006 میں حیدرآباد میں بننے والی تیلگو فلموں نے ہندی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ پچھلے سال ہندی میں 223 فلمیں بنیں جبکہ تیلگو زبان میں بننے والی فلموں کی تعداد245 تھی۔فلم فیڈریشن آف انڈیا کے مطابق پچھلے سال ہندوستان میں مختلف زبانوں میں 1091 فلمیں بنائی گئیں۔