http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 19 February, 2007, 02:45 GMT 07:45 PST

واقعہ تشویش کی بات ہے: لالو

انڈیا میں ریلوے کے وفاقی وزیر لالو پرساد یادو نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لالو پرساد یادو نے تخریب کاری کے امکان کو رد نہیں کیا اور کہا ہے کہ ایک بوگی سے سوٹ کیس میں آتشگیر سیال مادہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوٹ کیس سے ایسے میٹیریل کی چار بوتلیں ملی ہیں جسے فوراً آگ لگ سکتی ہے۔
بی بی سی ہندی سروس کے ساتھ انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ معاشرے میں امن نہیں چاہتے وہ اس تخریب کاری کا کارروائی میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ تاہم ریلوے کے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حتمی طور پر کوئی بھی بات مکمل تحقیقات کے بعد ہی کی جا سکتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں لالو پرساد یادو نے کہا کہ یہ تاثر فوری طور پر درست نہیں لگتا کہ جل کر ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن بوگیوں کو آگ لگی وہ ساتھ ساتھ نہیں بلکہ الگ الگ تھیں۔

لالو پرساد یادو کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں فکر کی بات یہ ہے کہ بظاہر تخریب کاری کے شواہد دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات فوری طور پر نہیں کہی جا سکتی کہ مرنے والے کون تھے اور ان کا تعلق کہاں سے تھا۔