Tuesday, 13 February, 2007, 11:26 GMT 16:26 PST
نارائن باریٹھ
بی بی سی، جے پور
ہندوستانی ریلوے حکام نے موناباؤ اور کھوکھرا پار کے درمیان ریل سروس دوبارہ شروع کرنے کے لیے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق تھر ایکسپریس کی سروس چھ ماہ کے وقفے کے بعد دوبارہ سترہ فروری سے شروع ہو جائے گی۔
گزشتہ سال پچیس اگست کو بارمیڑ کے ریگستانی علاقوں میں بارش کے سبب تھر ایکسپریس کی سروس بند کرنی پڑی تھی۔ بارش اور پھر سیلاب کی وجہ سے جودھپور اور بارمیڑ کے درمیان ریل کی پٹڑیاں بہہ گئی تھیں جس کے سبب حکام نے تھر ایکسپریس کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا تھا۔
سیلاب کی وجہ سے کاواس ریلوے سٹیشن سمیت بارمیڑ ضلع میں تین کلومیٹر سے زائد ریلوے ٹریک پانی کی زد میں آگیا تھا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پانچ مہینے کے بعد ٹوٹے ہوئے ٹریک کو درست کر لیا گیا ہے۔ تھر ایکسپریس کے لیے ٹکٹ بدھ سے ملنے شروع ہوجائیں گے۔
شمال مغربی ریلوے زون کے چیف پبلک ریلیشن منیجر ایس بی گاندھی نے کہا ’ٹرین کی آمد و رفت کے تمام انتظامات خوش اسلوبی سے مکمل کر لیے گئے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چھ مہینے تک ہندوستان اپنے ریلوے انجن پاکستان بھیجے گا کیونکہ معاہدے کے مطابق ابھی ہندوستان کی باری ہے۔
![]() | |
| تھر ایکسپریس کے لیے ٹکٹ بدھ سے ملنے شروع ہوجائیں گے |
انیس سو پینسٹھ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ کے بعد تھر ایکسپریس کی سروس بند ہوگئی تھی۔
دونوں ملکوں کے درمیان ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے واہگہ اور پاکستان کے پنجاب کے اٹاری کے درمیان زمینی راستے کے ذریعے آنے جانے کی اجازت ہے۔
راجستھان، گجرات، مہاراشٹر، اور دوسری ریاستوں کے عوام تھر ایکسپریس کی بحالی کا مطالبہ کر رہے تھے کیونکہ اس سے نہ صرف راستہ مختصر ہوجاتا ہے بلکہ اس پر خرچہ بھی کم آتا ہے۔
ایک سال قبل ہندوستان میں آباد ہونے والے سوائی سنگھ کا کہنا ہے کہ ’ریل سروس کے دوبارہ شروع ہونے پر ہمیں بہت خوشی ہے‘۔
گزشتہ سال تھر ایکسپریس کے ذریعہ اکتیس ہزار افراد نے سفر کیا تھا۔