Sunday, 11 February, 2007, 11:04 GMT 16:04 PST
شکیل اختر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
ہندوستان ایک ہزار ارب ڈالرکی معیشت کی طرف
پچھلے تین برس میں آٹھ سے نو فیصد کی شرح ترقی کے بعد ہندوستان کی معیشت ایک اور سنگ میل کی طرف بڑھ رہی ہے۔ مرکزی ادارہ شماریات کے مطابق ملک کی معیشت آئندہ برس ایک ہزارارب ڈالرمالیت کی ہو جائے گی۔ رواں مالی سال میں یہ 850 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ دنیا میں صرف نو ملک ایسے ہیں جن کی معیشت ایک ہزارارب ڈالر یا اس زیادہ مالیت کی ہے۔ امریکہ تیرہ ہزار ارب ڈالرکے ساتھ پہلے نمبر پر اور جاپان ساڑھے چار ہزار ارب ڈالر مالیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ہندوستان میں ملک کا عام بجٹ 28 فروری کو پیش کیا جائے گا۔ اب تک کے جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ معیشت کی ترقی کی جو شرح گزشتہ برس طے کی گئی تھی وہ اس سے بھی زیادہ شرح سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ہندوستان اس وقت دنیا کی دوسری سب سے تیز رفتار معیشت ہے۔
دوسری طرف کھانے پینے اور روز مرہ کی دیگر اشیا کی قیمتوں میں زبردست اضافے سے متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مہنگائی کے سبب اس وقت افراط زر کی شرح گزشتہ دو برس میں سب سے زیادہ ہے۔
خلائی مشن تیار
![]() | |
| ہندوستان چاند پر اپنا خلائی سٹیشن قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے |
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اب تک کے جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ چاند پر کافی مقدار میں ہیلیم گیس موجود ہے۔ ہندوستانی سائنسدان ابتدا میں اس گیس کی مقدارکا پتہ لگائیں گے اور یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ کیا یہ توانائی کا متبادل ذریعہ ہو سکتی ہے۔ ہندوستان چاند پر اپنا خلائی سٹیشن بھی قائم کرے گا۔
کار نہیں جہاز خریدیے
پچھلے دنوں بنگلور میں فضائی شو منعقد ہوا۔ اس شو میں پوری دنیا سے جہاز بنانے والی بڑی بڑی کمپنیوں نے حصہ لیا۔ اس میں چھوٹے جہاز تیار کرنے والی جرمنی کی ایکارس کمپنی بھی شامل تھی۔ اس کمپنی نے کچھ ایسے مائیکرو لائٹ طیارے شو میں پیش کیے جن کی قیمت متوسط درجے کی کاروں کے برابر تھی۔
![]() | |
| بنگلور میں پچھلے دنوں فضائی شو منعقد ہوا |
اگر آپ کے پاس پائلٹ کا لائسنس ہو تو آسانی سے یہ جہاز خرید سکتے ہیں۔ ہوا بازی کے محکمے سے اجازت ایک مہینے میں مل جاتی ہے ۔ کئی کمپنیوں کے سربراہان، اہم شخصیات اور پائلٹوں کو ان چھوٹے طیاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ کیسی پولیس ؟
ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالہ میں پولیس کی تعداد تقریباً پچاس ہزار ہے اور ان میں سے 850 کے خلاف مختلف نوعیت کے مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ پولیس محکمے کی اپنی رپورٹ کے مطابق جن اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج ہیں ان میں کانسٹیبل سے لے کر ڈی ایس پی رینک تک کے اعلٰی افسران شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ چھ برس کے ہیں۔ الزامات میں آبروریزی ، قتل ، نقب زنی ، جعل سازی اور خواتین پر مظالم حیسے جرائم شامل ہیں۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ کیرالہ ملک کی ان چند ریاستوں میں ہے جہاں جرائم کی شرح بہت کم ہے اور جہان لوگ خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
لز۔ نائر جودھپور میں شادی کی تیاری
![]() | |
| لز شادی کے دن گلابی ساڑھی پہنیں گی |
اس طرح کی رپورٹس آرہی ہیں کہ روایتی ہندوستانی شادی راجستھان میں اودے پور کے دیوی گڑھ پیلس میں ہوگی۔ لیکن جس طرح کی شادی کا منصوبہ بنایا گیا ہے، اس کے لیے یہ جگہ چھوٹی ہے اور اب جودھپور کے شاہانہ امید بھون پیلیس پر توجہ مرکوز ہے۔ شادی کے دن ارون نائر ایک سفید گھوڑے پر سوار ہو کر دلہن لز ہرلی کے پاس پہنچیں گے اور لز ایک سرکردہ ڈیزائنر کی تیار کی ہوئی گلابی ساڑی پہنے ہوئے ان کا انتظار کر رہی ہوں گی۔ بین الاقوامی گلوکار اور رقاصائیں شادی کی محفل میں چار چاند لگائیں گی۔