http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 10 February, 2007, 14:43 GMT 19:43 PST

نادیہ پرویز
بی بی سی اردو ڈاٹ کام دلی

کشمیر پردعویٰ برقرار: پاکستان

پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے تنازعے پر آج بھی اپنے اسی موقف پر برقرار ہے جس پر وہ ہمیشہ سے تھا۔

دارالحکومت دلی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر شاہد ملک کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ہندوستان کے ایک نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران پاکستان کے صدر پرویز مشرف کے بیان کو ہندوستان کے ذرائع ابلاغ نے صحیح معنوں میں پیش نہیں کیا تھا۔

شاہد ملک نے کہا: ’صدر مشرف کی تجاویز پر ہندوستان نے مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے لیکن جہاں تک یہ سوال ہے کہ کشمیر ہندوستان کا ایک اٹوٹ حصہ ہے، پاکستان اس سے متفق نہيں کرتا ہے اور نہ ہی کبھی کرےگا۔‘

اس انٹرویو کے بعد ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ صدر مشرف نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان کشمیر پر اپنا دعوی چھوڑ دےگا تو پاکستان بھی کشمیر پر اپنا دعوی چھوڑ دےگا۔

جب ان سے دنیا کے سب سے اونچے میدانِ جنگ سیاچن کے بارے میں پاکستانی موقف پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: ’ابھی دونوں ملکوں کے سامنے بعض تکنیکی پہلو ایسے ہیں جنہيں حل کرنا باقی ہے۔‘

’میں یہ نہیں کہوں گا کہ اس معاملے پر بات چیت میں کوئی پیش رفت نہيں ہوئی ہے کیونکہ پاکستان نے اس سلسلے میں کئی تجاویز دی ہیں اور میں یہاں پر یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کسی بھی خطے پر اپنا قبضہ کرنے کا خواہاں نہيں ہے۔‘

دلی میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے پاکستان میں دہشتگردوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے کسی قسم کے تربیتی کیمپ کی موجودگی کی بھی تردید کی۔