http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 06 February, 2007, 11:31 GMT 16:31 PST

ریاض مسرور
بی بی سی اُردو ڈاٹ کام، نئی دلّی

قبریں کھولنےکا کام معطل

ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں فرضی مقابلوں کی تفتیش کرنے والی خصوصی ٹیم نے پانچ افراد کے حراستی قتل کی تصدیق کے بعد نمونے حاصل کرنے اور شناخت کے لیے قبریں کھودنے کا کام فی الحال معطل کر دیا ہے۔

لیکن ان پانچ معاملات کی تفتیش کے بعد پولیس کو مزید شکایات موصول ہو رہی ہیں اور پولیس کو خدشہ ہے کہ پچھلے سترہ برسوں میں جنگجوؤں کی ہلاکت سے متعلق رپورٹوں پر سوال اٹھنے لگیں گے۔

فرضی مقابلے، 16 پولیس اہلکار ہلاک

کشمیر فرضی مقابلے کی تحقیات، تصاویر

تفتیشی ٹیم کے سربراہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل فاروق احمد نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ شکائتیں بہت زیادہ تعداد میں آ رہی ہیں، لیکن وہ تفتیش کا دائرہ بڑھانا نہیں چاہتے۔

سرینگر کے نواحی قصبوں گاندربل اور کنکن میں ککر ناگ کے دو شہریوں عطر فروش نذیر احمد ڈیکا اور چھابڑی فروش غلام نبی وانی کی قبریں کھولنے کی کارروائی کے دوران مقامی لوگوں نے مزید درجنوں قبروں کی نشاندہی کی تھی۔

ککرناگ کے رحمٰن پاڈر، غلام نبی وانی، علی محمد پاڈر اور نذیر احمد ڈیکا کے علاوہ جموں کے شوکت کٹاریہ کی حراستی اموات کے حوالے سے گاندربل اور بانڈی پورہ پولیس میں جو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں ان میں سب کی شناخت پاکستانی باشندوں کے طور پر کی گئی اور ان کی تحویل سے اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

معاملے کی تفتیشس کرنے والے پولیس افسروں کے مطابق اب تک تصدیق شدہ پانچ حراستی اموات میں ککرناگ کے ہی رہنے والے ایک ایس او جی اہلکار فاروق پاڈر نے مرکزی کردار نبھایا۔

فاروق پاڈر کو بنیادی ملزم ایس ایس پی ہنس راج پریہار اور اس کے نائب بہادر رام کی گرفتاری سے پہلے ہی حراست میں لیا گیا تھا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق جب پچھلے سال نو مارچ کو فاروق پاڈر نے اپنے ہی گاؤں کے ایک پڑوسی بیالیس سالہ غلام نبی وانی کو لالچوک سے گرفتار کر کے گاندربل میں اسے فرضی مقابلے میں ہلاک کروانے کے بعد غلام نبی وانی کے موبائل فون کو اپنے استعمال میں رکھا۔ بعد ازاں اس نے اس کا سم کارڑ ٹنگمرگ کے کسی شہری کو دے دیا۔

ڈی آئی جی فاروق کے مطابق موبائل فون کی مدد سے ہی فرضی مقابلے کی یہ گھتی سلجھ سکی ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق فاروق پاڈر نہ صرف اپنے پڑوسی بلکہ اپنے چچا زاد بھائی عبدالرحمٰن پاڈر اور ایک دوسرے رشتہ دار علی محمد پاڈر کو پولیس مقابلے میں ہلاک کروا کر ان کی لاش کو ٹھکانے لگا دیا۔

علی محمد پاڈر کی بیوہ نے پولیس کو ریکارڈ کرائےگئے بیان میں بتایا ہے کہ فاروق پاڈر نے ان کے شوہر کو برآمد کرانے کے عوض پچاس ہزار کی رقم بھی لے لی تھی۔

حزب اختلاف کے رہنما عبدالرحیم راتھر نے پچھلے دنوں فاروق پاڈر اور ہنس راج کے بارے میں اسمبلی میں کہا تھا کہ کشمیریوں کو اب پروموشن اور انعامات کے لیے شکار کیا جاتا ہے۔