Saturday, 27 January, 2007, 08:38 GMT 13:38 PST
راجیو کھنّہ
احمد آباد
ہندوستانی ریاست گجرات کے حکام کے مطابق لڑکیوں کے ایک سکول کے ہاسٹل کی چھت گرنے سے کم از کم گیارہ طالبات ہلاک اور چودہ زخمی ہوگئی ہیں۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کو رات گئے سورت شہر کے ٹیچک پورگاؤں میں پیش آیا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتے کی دوپہر تک امدادی کارروائی مکمل ہو چکی ہے اور زخمی طالبات کو ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی جانب سے ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ کم از کم سو سے زائد طالبات اب بھی ملبے میں دبی ہوئی ہیں تاہم حکام نے اس اطلاع کو غلط قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق جس وقت یہ حادثہ پیش آيا اس وقت تقریباً چالیس طالبات ہاسٹل میں موجود تھیں۔
دريں اثناء حکام نے تعمیراتی ماہرین کو حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کا حکم دے دیاہے۔ متاثرہ ہاسٹل غریب قبائلی طالبات کے لیے بنایا گیا تھا اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہاسٹل کی عمارت پرانی اور خستہ حالت میں تھی۔