http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 21 January, 2007, 04:56 GMT 09:56 PST

شکیل اختر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی

افضل گورو کی رحم کی اپیل

افضل کی رحم کی اپیل پر غور و خوض میں تیزی
ہندوستان کی مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ پر حملےکے مجرم محمد افضل گرو کی رحم کی اپیل صلاح و مشورہ کے لیے دلی کی ریاستی حکومت کے پاس بھیجی ہے۔ افضل کو پارلیمنٹ پر حملے کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے اور انہوں نے صدر جمہوریہ سے دسمبر میں رحم کی اپیل کی تھی جو ابھی تک زیر غور ہے۔ در اصل کوئی فیصلہ مرکزی حکومت کے مشورے کی روشنی میں ہی کریں گے۔

مرکزی حکومت کی وزارت داخلہ اور وزارت قانون اس سلسلے میں صلاح و مشورہ کر چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں اس سلسلے میں دلی کی ریاستی حکومت کی رائے مانگی گئی ہے۔ سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے رحم کی اپیل کے معاملے میں اس حکومت کی رائے بہت اہمیت رکھتی ہے جس کے خطے میں جرم کا ارتکاب کیا گیا ہو۔ ریاستی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنی رائے دینے کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے لیکن دلی کی حکومت اپنی رائے مرکز کو جلد ہی بھییج دے گی۔

حج پر سبسڈی کو چیلنج
سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو حج کے لیے دی جانے والی سبسڈی کے سوال پر نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے یہ نوٹس بی جے پی کےایک سابق رکن پارلیمان کی درخواست کے سلسلے میں دیا جس میں حج کے لیے دی جانے والی سبسڈی کو چیلنج کیا گیا ہے۔

قومی شناختی کارڈ کےاجراء کی تیاری
ہندوستان میں پہلی بار شہریوں کے لیے ایک قومی شناختی کارڈ جاری کیا جارہا ہے۔ یہ تصور سابق وزیر داخلہ ایل کے اڈوانی کا تھا اور اب اس پر عمل کرتے ہوئے مارچ میں اٹھارہ لاکھ شہریوں کو قومی شناختی کارڈ تجربے کے طور پر جاری کیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے وزارت داخلہ نے اس پراجیکٹ میں پیش رفت کا جائزہ لیا ہے۔ اس ماسٹر کارڈ میں شہری کا نام، ولدیت، تاریخ پیدائش، جائے پیدائش تصویر اور انگلیوں کے نشان چھپے ہونگے۔ اس کارڈ کو پڑھنے کے لیے پورے ملک میں مشینیں نصب کی جائیں گی۔

وزارت داخلہ کے اہلکارون کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں تیس لاکھ میں سے اٹھارہ لاکھ لوگوں کو کارڈ جاری کیا جائے گا۔ ان کا انتخاب بارہ ریاستوں سے کیا گیا ہے اور ان کی عمر اٹھارہ سال اور اس سے اوپر ہے۔ باقی لوگوں کی دوسرے مرحلے میں چھان بین کی جائے گی۔

ہند وستانیوں کی زندگی کی قیمت بڑھی
ہندوستان سے بیرون ممالک فضائی سفر کرنے والے مسافروں کی زند گی کی قیمت میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ کابینہ نے جمعہ کے روز فضائی سفر سے متعلق قانون میں ترمیم کی ایک تجویز کو منظوری دے دی جس کے تحت ہندوستان بھی ایک بین الاقوامی معاہدے کا رکن بن جائے گا۔ اس معاہدے کے تحت کسی فضائی حادثے میں جان جانے کی صورت میں مسافر کے ورثا کو تقریبآ چھیاسٹھ لاکھ روپئے ملیں گے۔ حادثے میں اگر ایئر لائنس کی غلطی پائی گئی تو یہ رقم اور زیادہ ہو سکتی ہے۔

اجمیردرگاہ میں اب شوٹنگ نہیں
فلم اداکارہ کیترینا کیف کے حالیہ تنازعہ کے بعد اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کے منتظمین نے درگاہ کے اندر فلم اور ٹی وی کی شوٹنگ پر پابندی لگا دی ہے۔

گزشتہ دنوں ٹی وی سیریل ’یاترا‘ کی پروڈیوسر اور سابق مس انڈیا دیپتی بھٹناگر جب اپنی ٹیم کے ہمراہ شوٹنگ کے لیے درگاہ پہنـچیں تو منتطمین نے انہیں شوٹنگ سے روک دیا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ مزار کے اصل مقام پر شوٹنگ کی پابندی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیپتی مزار کے مقام پر شوٹنگ کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا اگر پروڈیسر نے مزار کے اندرونی حصے کا منظر اپنے سیریل سے خارج نہیں کیا تو وہ ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے۔

گزشتہ اکتوبر میں کیترینا کے واقعہ کے بعد درگاہ کے منتظمین شوٹنگ گے معاملے میں بہت سخت ہوگئے ہیں ۔ کیترینا کا تنازعہ اس وقت پیدہ ہوا تھا جب وہ ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے درگاہ میں اسکرٹ پہن کر آئیں جس سے ان کا پیر پوری طرح ڈھکا ہوا نہیں تھا۔ منتظمین نے ان کے لبا س پر اعتراض کیا تھا۔

ان چاہے پیغامات کی شامت
ہندوستان میں ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کے ذریعے اپنی مصنوعات کو فروع دینے کا کاروبار زوروں سے چل رہا ہے۔ صارفین کی بڑھتی ہوئی مشکلات دیکھتے ہوئے دلی کے صارفین کے کمیشن نے ان چاہی کالز اور پیغامات کے لیے دو ٹیلی فون کمپنیوں اور دو بینکوں پر پچہتر لاکھ روّپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ کمیشن نے کہا ہے یہ ٹیلی فون کمپنیاں صارفین کے نمبرو بینکون اور مالیاتی اداروں کو فروخت کیا کرتی تھیں جو ٹیلی مارکٹلگ کے ذریعے اپنی مصنوعات کو مشتہر کرتے ہیں۔ کمیشن نے کہا ہے کہ اگر اس کے بعد بھی انچاہی تجارتی کالز اور پیغامات کا سلسلہ نہیں رکتا تو اس سے بھی سخت کاروائی کی جائے گی۔