Wednesday, 10 January, 2007, 12:55 GMT 17:55 PST
ہندوستان نے پہلی مرتبہ ایک سنگل راکٹ سے چار سیٹلائٹ خلا میں چھوڑے ہیں جس میں ایک ایسا کیپسول بھی موجود ہے جو واپس زمین پر لوٹ آئے گا۔
یہ تجربہ بدھ کے روز صبح ساڑھے نو بجے ریاست آندھرا پردیش کے سری کوٹا میں واقع سپیس سینٹر میں کیا گیا جہاں 44.5 میٹر لمبے اور دو سو ٹن وزنی پی ایس ایل وی راکٹ نے چار سیٹلائٹس کے ساتھ اڑان بھری۔
ہندوستانی خلائی تحقیقاتی تنظیم (اسرو) کے مطابق چار مرحلوں میں چاروں سیٹلائٹس کو ان کی جگہ لگانے میں کامیابی حاصل ہوگئی ہے۔
گزشتہ برس دس جولائی کو جی ایس ایل وی کا تجربہ نا کام ہونے کے بعد سب کی نظریں پی ایس ایل وی کی اڑان پر تھیں۔
پی ایس ایل وی کے اس تجربہ کے بعد اسرو کے صدر مادھون نائر نے کہا کہ یہ ہندوستان کے لیے فخر کا دن ہے۔ ’ہماری ٹیم نے بہترین کام کیا ہے۔‘
ان چار سیٹلائٹس میں دو ہندوستانی ہیں جبکہ تیسرا ارجنٹینا اور چوتھا انڈونیشیا کا ہے۔
پی ایس ایل وی کہ یہ اڑان خلائی تحقیق کے شعبے میں خاصی اہمیت رکھتی ہے۔ اس تجربے کی مکمل کامیابی کی تصدیق آئندہ تیس روز میں ممکن ہوسکے گی جب اس راکٹ میں موجود کیپسول زمین پر واپس آجائے گا۔