Tuesday, 09 January, 2007, 14:10 GMT 19:10 PST
ریاض مسرور
بی بی سی اُردو ڈاٹ کام، سرینگر
میرواعظ عمر فاروق کے ساتھی اور حریت لیڈر سلیم گیلانی نے انکشاف کیا ہے کہ کشمیر میں مسلح جدوجہد کے نگران سید صلاح الدین مشروط جنگ بندی کی پشکش پر اب بھی قائم ہیں۔
حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق سترہ جنوری کو کانفرنس کے سہ رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان روانہ ہورہے ہیں جہاں سلیم گیلانی کے مطابق وہ صلاح الدین سے بھی ملاقات کریں گے۔ سلیم گیلانی پاکستان کا ایک ماہ کا طویل دورہ کرکے واپس لوٹے ہیں۔
سلیم گیلانی کو خدشہ ہے کہ ’اگر دلی نے نومبر میں صلاح الدین کے بیان پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا تو امن کے عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے‘۔
کشمیر واپسی پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے سلیم گیلانی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے مظفرآباد کے کسی ’نامعلوم مقام‘ کے قریب چودہ مسلح گروپوں کے اتحاد جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے ساتھ ڈھائی گھنٹے کی ملاقات کی۔
انہوں نے کہا’ میں صرف صلاح الدین سے ہی نہیں بلکہ سب ہی بڑے کمانڈروں سے ملا ہوں۔ وہاں اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ اگر واقعی امن عمل سے مسئلہ کشمیر حتمی حل کی طرف بڑھے تو بندوق راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے دورے سے میرواعظ اور صلاح الدین کے درمیان ملاقات کے لیےمناسب گراؤنڈ ورک کامقصد پورا ہوگیا۔
وہ پاکستان کے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے علاوہ پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سے بھی ملے ہیں۔
واضح رہے صلاح الدین نےاپنے بیان میں جموں و کشمیر میں فائربندی کے لیے قیدیوں کی رہائی، فوجوں کی بیرکوں میں واپسی، انسانی حقوق کی پامالیوں پر پابندی اور مسئلہ کشمیر کو متنازعہ قرار دینے کے بعد کشمیری نمائندوں کے بامعنیٰ مذاکرات کی چار شرائط رکھیں تھیں۔
![]() | |
| میر واعظ عمر فاروق سترہ جنوری کو کانفرنس کے سہ رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان روانہ ہورہے ہیں |
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دوروں کے دوران مسلح قیادت اور ان کی حریت کانفرنس کے درمیان ’کافی گُڈ ِول‘ پیدا ہوگئی ہے جو آگے کا لائحہ عمل طے کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
میرواعظ عمر فاروق اور ہندوستان کے وزیر اعظم کے درمیان تیرہ جنوری سے قبل مذاکرات کا ایک اور دور ہونے کا امکان ہے۔
سیاسی تبصرہ نگار جاوید صدیق میر کا کہنا ہے کہ میر واعظ کی قیادت والی حریت کانفرنس دراصل نئے حالات میں اپنے لیے مناسب کردار کی تلاش میں ہے۔