http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 07 January, 2007, 10:35 GMT 15:35 PST

اندرا گاندھی کی دوبارہ واپسی

انیس سو اسی کی سات جنوری کو یعنی آج ہی کے دن ہندوستان کے عوام نے اندرا گاندھی کو ایک مرتبہ پھر منتخب کر لیا تھا۔

ان کی کانگریس پارٹی نے عام انتخابات میں لوک سبھا یعنی ایوانِ زیریں کی 525 نشستوں میں سے 351 نشستیں حاصل کیں۔

محترمہ گاندھی کی جیت نے ان کی مخالف جماعتوں کا تقریباً صفایا کر دیا اور نہ جنتا دل اور نہ ہی لوک دل جماعت سرکاری طور پر حزبِ مخالف بننے کے لیے ضروری 54 نشستیں جیت پائیں۔

محترمہ گاندھی نے اس سے قبل انیس سو ستتر تک ہندوستان پر 11 برس تک حکومت کی۔ انتخابات کے دوران ان کا نعرہ تھا ’غربت ہٹاؤ‘ اور ’امن و امان بہتر کرو‘۔

انہوں نے اپنی 63 دن کی انتخابی مہم میں ہر دن بیس کے قریب تقاریر کیں اور 40000 میل تک پھیلے ہوئے 384 انتخابی حلقوں کا دورہ کیا۔

ان کے دورِ اقتدار کے دوران انیس ماہ ایمرجنسی لگی رہی اور اس دوران حزبِ مخالف کے کئی رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا اور زبردستی خاندانی منصوبہ بندی کا پروگرام نافذ کرایا گیا۔

اس وقت جب انہوں نے اپنے اقتدار کو قانونی بنانے کے لیے انتخابات کا سہارا لیا تو مورار جی ڈیسائی کی جنتا دل نے انہیں شکست دی۔

اندرا گاندھی کو انیس سو چوراسی میں ان کے دو سکھ باڈی گارڈز نے قتل کر دیا تھا۔ ان کے بعد ان کے بیٹے راجیو وزیرِ اعظم بنے لیکن انہیں بھی تامل خودکش بمباروں نے قتل کر دیا۔