Friday, 05 January, 2007, 15:14 GMT 20:14 PST
ہندوستان کے جنوبی شہر بنگلور کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ کشمیری شدت پسند کے پاس سے اسلحہ برآمد ہونے کے واقعے کے بعد شہر میں حفاظتی انتطامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
ریاست کرناٹک کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس کے آر شری نواسن کا کہنا ہے کہ جمعہ کو علی الصباح ایک شخص کوگرفتار کیا گیا ہے جس کے پاس سے ایک خودکار بندوق، بڑی تعداد میں گولیاں اور پانچ گرینیڈ بموں کے ساتھ ایک سیٹلائٹ فون بھی بر آمد کیا گیا ہے۔
گزشتہ تین مہینوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے جب کسی مشتبہ شدت پسند کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیا جانے والا کشمیری شخص بنگلور سے 350 کلومیٹر دور بیلاری شہر سے آیا تھا۔ بیلاری میں مشہور ’ہمپی ہیریٹیج‘ کے مقام پر کشمیری تاجر اپنا سامان فروخت کر تے ہیں۔
ریاستی وزیر داخلہ ایم پی پرکاش نے مشتبہ کشمیری شدت پسند کی گرفتاری پر پولیس کو مبارکباد دی ہے کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ اس شخص کی گرفتاری سے بنگلور ممکنہ شدت پسند حملے سے بچ گیا ہے۔
بنگلور ہندوستان میں ٹیکنالوجی کا دارالحکومت سمجھا جاتا ہے جیسا کہ یہ شہر ملکی اور بین الاقوامی سطح کی تقریبا پندرہ سو کمپنیوں کا مرکز ہے جن میں مشہور سافٹ وئر کمپنیاں جیسے آئی بی ایم، ڈیل اور مائیکرو سافٹ بھی شامل ہیں۔
بنگلور میں حال میں شدت پسند حملوں کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا اور اس کے سبب پولیس نے ریاستی ’سیکریٹریٹ‘ کی حفاظت کے لیے ایک نیا حفاظتی زون بنایا ہے۔