Thursday, 28 December, 2006, 17:06 GMT 22:06 PST
ہندوستان میں حزب اختلاف کے اتحاد نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس یعنی این ڈی اے نے صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام سے ملاقات کر کے ریاست مغربی بنگال کے سنگور علاقے ميں کاروں کا کارخانہ بنانے کے منصوبے کی تجویز پر اپنی مخالفت ظاہر کی ہے۔
این ڈی اے کے رہنماؤں نے سنگور میں کاروں کا کار خانہ بنانے کے بجائے کسانوں کو ان کی زمین واپس دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ مغربی بنگال کی حکومت کسانوں کے فائدہ کو نظر میں رکھتے ہوئے انہیں زمین واپس کر دے اور مجوزہ کاروں کے کارخانے کے لیے ٹاٹا کمپنی کو کہیں اور زمین دے دی جائے۔
اس سے قبل بدھ کو این ڈی اے کے رہنماؤں نے وزیر اعظم سے بھی یہ مطالبہ کیا تھا کہ وہ ریاست کی بائيں بازوں کی حکومت سے ان لوگوں سے بات چیت شروع کرنے کے لیے کہیں جو اس پراجیکٹ کی مخالفت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب سنگور میں اس پروجیکٹ کی مخالفت میں ریاستی حزب اختلاف کی جماعت ترینامول کانگریس کی رہنما ممتا بینرجی گزشتہ 25 دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
پچھلے 25 دنوں سے کچھ نہ کھانے کی وجہ سے ان کی صحت آہستہ آہستہ بگڑتی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم منموہن سنگھ نے ممتا بینرجی سے ہڑتال ختم کرنے کی گزارش کی ہے۔
لیکن مغربی بنگال کے وزیر اعلی بدھا دیو بھٹا چاریہ نے اس پراجیکٹ کو واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے ٹاٹا کمپنی سے کہا ہے کہ وہ زمین پر قبضہ کر کے اس پر اپنا کام شروع کر دیں۔