http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 21 December, 2006, 18:24 GMT 23:24 PST

ہمالیہ پرچین بھارت کی مشترکہ مہم

بھارت اور چین نےگلیشیئر پرعالمی حدت میں اضافے کےاثرات کا پتہ لگانے کے لیے سائنس دانوں کا ایک مشترکہ گروپ ہمالیہ کی پہاڑیوں پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس وفد میں دونوں ملکوں کے کوہ پیما اور سائنس دان شامل ہوں گے جو ان علاقوں کا دورہ کرینگے جہاں سے دریائے ستلج اور برہم پتر نکلتے ہیں۔

لاکھوں لوگوں کی زندگي کا انحصار ان دونوں دریاؤں کے پانی پر اور ماہرین کو اس بات پر تشویش لاحق ہے کہ برف کے پگھلنے سے انکا بہاؤ متاثر ہوسکتا ہے۔

ہندوستانی وفد کی قیادت بھارت کے کوہ پیما فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ایچ پی ایس اہلو والیہ کریں گے۔

انکا کہنا ہے کہ ان علاقوں کا ایسا سروے ایک صدی قبل کیا گیا تھا اور اب بدلتے ہوئے حالات میں اسکا سروے ضروری ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سےعلاقے میں آبی وسائل کو منظم کرنے میں آسانی ہوگي اور ماحولیات سے متعلق مستقبل کے چیلینجز کا سامنا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔