Wednesday, 20 December, 2006, 11:37 GMT 16:37 PST
است جولی
چندی گڑھ
بھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کو ماضی بھلا کر بہتر مستقبل کے لیے ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف کی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے چار نکاتی پیش کش کے متعلق انہوں نے کہا کہ ہندوستان دونوں ملکوں کے رشتوں کو بہتر بنانے کے لیے تمام تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہے۔
’ دونوں ملکوں کی طرف سے آنے والی تجاویز پاکستان اور ہندوستان کے رشتے بہتر بنانے میں اہم کردار اد کریں گی اور ہم انکا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘
انکا کہنا تھا ’دونوں ملکوں کے درمیان متنازعہ مسائل کے حل کے لیے کھلے ذہن اور دوستانہ ماحول میں سوچنے کی ضرورت ہے۔‘
وزیر اعظم پنجاب کے شہر امرتسر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انکی حکومت پاکستان کے ساتھ جاری بات چیت سےمطمئن ہے اور اسکے نتائج بھی بر آمد ہوں گے۔
مسٹر سنگھ نے مزید کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کا ’مفاد ایک دوسرے سے وابستہ ہے اور بہتر مسقبل کے لیے دونوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔‘
انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن و سلامتی اور دوستی کےمعاہدے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جامع مذاکرات مثبت سمت میں رواں دواں ہیں جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا ’دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور اقتصادی رشتوں کو بہتر بنانے کے لیے حکومت نے بعض سرحدی علاقوں میں ترقی کا کام شروع کیا ہے تاکہ تجارتی روابط کو مزید فروغ دیا جاسکے۔‘