Wednesday, 20 December, 2006, 09:53 GMT 14:53 PST
الطاف حسین
سرینگر
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس نے نایاب کالے بھالوکو مارنے کے الزام میں چار افراد کوگرفتار کیا ہے۔
ہندوستان میں جنگلات کے تحفظ کے قانون کے مطابق کالا بھالو ایک نایاب جانور ہے جسے مارنا غیر قانونی ہے اوراس جرم میں دو سے چھ برس کی قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
اس سلسلے میں ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کی گئي تصویروں میں دکھایا گيا ہے کہ گاؤں والوں نے بھالو کو پتھروں سے مارا اور بعد میں اسے زندہ جلا دیا۔ تصویروں کو ٹی وی پر دکھائے جانے کے بعد علاقے میں ہنگامہ مچ گيا۔
مسٹر لوہیا کا کہنا ہے کہ علاقے کی پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔
چیف وائلڈ وارڈن اے کے سریواستو نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ اس برس سترہ نومبر کو پیش آیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے اہلکار اس جگہ پر پہنچ گئے ہیں جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا لیکن مشتعل ہجوم کے ڈر سے اہلکار کوئی بھی کاروائی نہيں کر سکے۔
مسٹر اے کے واستو کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھالو کو بھگانے کے لئے آگ لگائی تھی لیکن بھالو آگ میں پھنس کر جل گیا۔
مسٹر واستو کا کہنا ہےکہ جنوبی کشمیر کے وائلڈ لائف وارڈن اور پولیس نے اسی دن اس سلسلے میں ایک رپورٹ درج کرائی تھی جس دن یہ واقعہ پیش آیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک رینج افسر کے ساتھ چار اہلکاروں کو وقتی طور پر ملازمت سے ہٹا دیا گيا ہے اور اس معاملے کی محکمہ جنگلات کے پرنسپل کنزرویٹر کی جانب سے تحقیقات ہو رہی ہیں۔
مقامی نیوز ایجنسی کے مطابق گاؤں والوں نے بھالو کو اس جگہ بند کردیا تھا جہاں گائیں بھینسیں باندھی جاتی ہیں۔ایجنسی کے مطابق انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو واقعہ کی اطلاع دی تھی لیکن کوئی اہلکار واقع کی جگہ نہیں پہنچا۔ اتنے میں بھالو قید سے باہر نکل گيا اور گاؤں والوں نے اسے مار دیا۔