Monday, 18 December, 2006, 08:13 GMT 13:13 PST
ہندوستان کے وفاقی تفتیشی ادارے سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے مرکزي وزیر لالو پرساد یادو اور انکی اہلیہ رابڑی دیوی کو آمدنی سے زیادہ جائیداد رکھنے کے معاملے میں بری کر دیا ہے۔
ریلوے کے وزير لالو پرساد یادو اور ریاست بہار کی سابق وزير اعلیٰ رابڑی دیوی پر یہ مقدمہ گزشتہ چھ برس سے چل رہا تھا۔
فیصلہ آنے کے بعد پٹنہ شہر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا ’یہ انصاف کی فتح ہے ہمیں انصاف ملا ہے۔ مجھے اسی فیصلہ کی امید تھی اور بھروسہ تھا کہ میں اپنے اوپر عائد الزامات سے بری ہو جاؤں گا۔‘
سی بی آئی کے ترجمان جی موہنتی نےبی بی سی کو بتایا ہے کہ آگے کی کاروائی کا فیصلہ مقدمے کے فیصلہ کی تفصیلات حاصل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
1990 سے 1997 کے دوران لالو پرساد یادو بہار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز تھے۔ اس دوران ان پر ان کی آمدنی سے تقریبا چھیالیس لاکھ روپے زیادہ کی جائیداد رکھنے کامعاملہ سامنے آیا تھا۔
سی بی آئی نے انیس سو اٹھانوے میں مقدمہ درج کیا۔اس معاملے میں رابڑی دیوی پر الگ سے کوئی واضح الزام نہیں عائد کیا گیا تھا لیکن ان پر اپنے شوہر کو جائیداد جمع کرنے میں مدد کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
سی بی آئی نے دونوں کے خلاف جائیداد جمع کرنے کے معاملے کو مبینہ طور پر چارہ گھپلے سے ہونے والی آمدنی سے مِلا کر دیکھا تھا۔