Saturday, 16 December, 2006, 11:08 GMT 16:08 PST
بینو جوشی
جموں
ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں فوج نے دو مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
فوج کے ایک ترجمان کے مطابق ’سنیچر کے روز کچھ مسلح لوگ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول سے در اندازی کی کوشش کررہے تھے، جسے فوج کے جوانوں نے ناکام بنا دیا‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فوج کے جوانوں نے انہیں روکنے کی کوشش لیکن ’در اندازوں‘ نے اپنے آپ کو حکام کے حوالے کرنے کی بجائے فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ میں دو شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
ہندوستان پاکستان پر الزام عائد کرتا رہتا ہے کہ وہ کنٹروں لائن پر شدت پسندوں کی دارندازی کو روکنے میں نا صرف ناکام ہے بلکہ انہیں مبینہ طور پر مدد بھی فراہم کی جاتی ہے۔ لیکن پاکستان ان الزامات کی ہمیشہ تردید کرتا رہا ہے۔
گزشتہ روز بھی فوج نے مبینہ طور پر ’البدر‘ تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک شدت پسند کو لائن آف کنٹرول کے قریب ہلاک کر دیا تھا۔ یہ واقعہ ضلع پونچھ کے ایک گاؤں میں پیش آیا تھا۔