http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 01 December, 2006, 11:47 GMT 16:47 PST

بھارت میں 125 اردو سکول کھلیں گے

مسلمانوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے لے لیے حکومت ہندوستان نے ملک بھر میں اردو میڈیئم کے125 بورڈنگ سکول قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس پروجیکٹ پر 20 ارب روپے خرچ ہونے کا امکان ہے۔ ان سکولوں میں سینٹرل بورڈ آف سیکینڈری ایجوکیشن( سی بی ایس سی) کا سیلیبس لاگو ہوگا۔

انسانی وسائل کے جونیئر وزیر علی اشرف فاطمی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں حکومت نے مسلم ارکان پارلیمنٹ کی سفارشات کو قبول کر لی ہے جس میں انہوں نے ایسے سکول قائم کرنے کی تجویز کی تھی۔

ان سکول میں مذہبی تعلیم کے بجائے سائنس پر زور دیا جائے گا۔ فاطمی نے کہا’میں نے وزیر اعظم اور انسانی وسائل کے کابینہ وزیر ارجن سنگھ سےاس معاملے پر بات کی ہے اور انہوں نے اس کی منظوری دے دی ہے‘۔

ان 125 سکولوں میں 42 سکول لڑکیوں کے لیے قائم کیے جائیں گے۔ حکومت ساڑھے چار لاکھ کی آبادی پر ایک سکول کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ان سکولوں میں پڑھائی کے لیے کوئی فیس نہیں ہوگی اور کتابیں بھی مفت میں فراہم کی جائیں گی۔

مسلم ارکان پارلیمینٹ کے لیڈر اسد الدین نے کہا کہ ایسے سکولوں کی ضرورت کافی دنوں سے محسوس کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا یہ سکول مدرسوں سے مختلف ہوں گے اور ان میں سائنس اور انگلش کی تعلیم دی جائے گی۔