http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 27 November, 2006, 07:29 GMT 12:29 PST

شکیل اختر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی

میزائلوں کے ٹکراؤ کا کامیاب تجربہ

ہندوستان نے پہلی بار فضا میں دو میزائلوں کے ٹکراؤ کا تجربہ کیا ہے۔ پرتھوی ٹو ساخت کے ان دونوں میزائلوں کو دو مختلف مقامات سے داغا گیا تھا۔

یہ تجربہ کامیاب بتایا گیا ہے۔ تجربہ اڑیسہ کے چاندی پور میں واقع میزائلوں کے تجرباتی مرکز سے کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ایک پرتھوی ٹو میزائل ہدف کے طور پر تقربیاً دس بج کر پندرہ منٹ پر چھوڑا گیا اور اس کے ایک منٹ بعد اسی ساخت کا ایک دوسرا میزائل ’انٹر سپٹر‘ کے طور پر پہلے میزائل کو تباہ کرنے کے لیے چھوڑا گیا۔

فضائی دفاع کے سائنسدانوں نے نشانے کو تباہ کرنے کی درستگی کا جائزہ لینے کے بعد اس تجربے کو پوری طرح کامیاب قرار دیا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق دفاعی میزائل نے ہدف کو مقررہ زاویے پر تباہ کیا۔

ایک سینئر سائنسدان نے تجربے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’یہ ایک بڑی کامیابی ہے جو پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے‘۔

پروگرام کے مطابق تباہ شدہ میزائلوں کے ملبے سمندر میں گرنے تھے لیکن پھر بھی احتیاط کے طور پر تجرباتی مرکز کے اطراف میں آباد سینکڑوں افراد کو وہاں سے ہٹا دیا گیا تھا۔

اس پروجیکٹ کو ’پرتھوی فضائی دفاعی مشق‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس دفاعی نظام کے بارے میں مکمل اطمینان کے لیے اس طرح کے مزید تجربات کیے جائیں گے۔

پیر کے تجربے کے وقت دفاعی تحقیق سے تعلق رکھنے والے سائنسداں تجرباتی مرکز پر موجود تھے۔ انیس نومبر کو پرتھوی ٹو کا ایک کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔ یہ کم دوری کا زمین سے زمین پر وار کرنے والا بلاسٹک میزائل ہے۔