Wednesday, 22 November, 2006, 08:29 GMT 13:29 PST
سبیر بھومک
کولکتہ
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم نو افراد ہلاک جبکہ اٹھارہ زخمی ہوگئے ہیں۔
آگ شہر کی توپسیا کالونی میں ایک عمارت کی پانچویں منزل پر واقع چمڑے کی ایک فیکٹری میں لگی ہے۔
ریاست کی فائر سروس ڈائریکٹر گوپال بھٹاچاریہ نے بتایا کہ 18 افراد کو فیکٹری سے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے لیکن سب افراد بری طرح سے آگ میں جھلس گئے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں داخل کروائے گئے زخمی ساٹھ فیصد تک جل چکے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
![]() | |
| انڈین شہر کولکتہ لیدر فیکٹریوں کا مرکز ہے |
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے والے عملے کی گاڑیاں تقریبًا ایک گھنٹے کی تاخیر سے وہاں پہنچی تھیں۔
کولکتہ کے میئر بکاش رجن بھٹاچاریہ نے متاثرہ فیکرٹری کا دورہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ فیکٹری کا بیشتر حصہ غیر قانونی تھا اور فیکٹری کے مالک کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔
لیکن مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سرکاری اہلکار غیر قانونی تعمیرات اور آگ سے بچنے والے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے رشوت لیکر ایسی فیکٹریز میں کام جاری رکھنے کی اجازت دے دیتے ہیں۔ کولکتہ میں گزشتہ برسوں میں آگ لگنے کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔ اکثر آگ لگنے کے سبب ہونے والے حادثے آگ سے بچانے کے صحیح انتظامات کی کمی سے ہی پیش آتے ہیں۔