Monday, 20 November, 2006, 15:32 GMT 20:32 PST
سبیر بھومک
کولکتا
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں کولکتہ کے پاس ایک ٹرین میں دو بم دھماکوں سے کم از کم آٹھ مسافر ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ دھماکے ہلدی باڑی ٹرین میں بیلا کوؤا گاؤں کے نزدیک ہوئے ہیں۔
پولیس کے ایک اہلکار نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ’بعض مسافر اب بھی متاثرہ ڈبے میں پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں باہر نکالنے کے بعد ہی صورت حال واضح ہو سکے گي‘۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ چھوٹی ٹرین آگے جا کر ’دارجلنگ میل‘ سے جڑنے والی تھی جو شمالی بنگال سے کولکتہ جاتی ہے۔ حکام کے مطابق یہ دھماکہ دونوں ٹرینوں کے جڑنے سے ذرا دیر پہلے پیش آيا ہے۔
زخمی مسافروں کو جل پائی گڑی کے ہسپتال ميں داخل کیا گیا ہے۔ جن مسافروں کی حالات نازک ہے انہیں سیلی گڑی کے نارتھ بنگال میڈیکل کالج میں بھرتی کیا گیا ہے۔
اب تک پولیس اس بات کا پتہ لگانے میں ناکام رہی ہے کہ ان دھماکوں کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ لیکن پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کو مغربی بنگال اور آسام میں سرگرم علیحدگی پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔