Wednesday, 25 October, 2006, 18:04 GMT 23:04 PST
ایم ایس احمد
پٹنہ
بھارت کی ریاست بہار میں کچھ پولیس اہلکاروں کے ایچ آئی وی پازیٹو ہونے پر حکام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو اعلیٰ اخلاق اور جنسی تعلقات میں احتیاط کی ترغیب دی جائے گی۔
بہار کے سیکرٹری داخلہ افضل امان اللہ کے مطابق پولیس افسروں اور اہلکاروں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کرائے گئے تو ان میں سے بعض ایچ آئی وی پازیٹو یعنی ایڈز کے مرض میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت اس رپورٹ پر بہت سنجیدگی سے غور و فکر کر رہی ہے۔
بعض ذرائع کے مطابق ریاست میں ڈی آئی جی سطح کے کم از کم دو افسر ایچ آئی وی پازیٹو پائے گئے ہیں۔
بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس آشیش رنجن سنہا نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ریاست میں کانسٹیبل کی تقرری کے وقت اب ایچ آئی وی ٹیسٹ کو بھی لازم قرار دیا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ امان اللہ کے مطابق ریاست کی پولیس ستر ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہے جن میں سے بارہ ایچ آئی وی پازیٹو کے کیس سامنے آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ اہلکاروں کے خون کے نمونے مزید تصدیق کے لیئے معروف لیباریٹریز کو بھجوائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اہلکاروں کے ایچ آئی وی پازیٹو ہونے کی مزید تصدیق ہوگئی تو ان کے علاج پر اٹھنے والے اخراجات سرکار برداشت کرے گی۔
افضل امان اللہ نے بتایا کہ حکومت یہ معلوم کرنے کی کوشش کرے گی ایڈز کے یہ کیس کن جگہوں اور کہاں کہاں تقرری کے دوران سامنے آئے ہیں۔ان کے خیال میں پولیس کو اس مرض سے دور رکھنے کے لیۓ اجتماعی کوشش کرنی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس میں اعلیٰ اخلاق اور جنسی تعلقات میں احتیاط کی ترغیب کے ساتھ ساتھ انتقال خون اور انجکشن لگواتے ہوئے نئی سوئی کے استعمال کو یقینی بنانے بارے ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔