Tuesday, 24 October, 2006, 06:37 GMT 11:37 PST
ہندوستان کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکار کی بندوق اتفاقی طور پر چل جانے سے پولیس کے ایک سینئر افسر ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل حکام نے کہا تھا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جسوندر سنگھ ضلع رایاگاڈا میں مشتبہ ماؤ باغیوں کے حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریاست کے پولیس چیف نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعے میں ماؤ باغی ملوث نہیں ہیں۔
ہلاک ہونے والے پولیس افسر جسوندر سنگھ ماؤ باغیوں کے خلاف آپریشن کے سربراہ تھے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جو مسٹر جسوندر باغیوں کے ایک قیدی سے تفتیش کے لیئے جا رہے تھے۔
پہلے اطلاعات تھیں کہ کچھ لوگوں نے مسٹر سنگھ کی گاڑی کو روکا اور ان سے مذہبی چندہ دینے کو کہا مگر ان کے چندہ دینے سے انکار پر ان افراد نے ان کے سر میں گولی مار دی۔
اس واقعے کے دوران مسٹر سنگھ کے ساتھ ان کا ڈرائیور اور دو باڈی گارڈ بھی موجود تھے۔ جن میں سے ایک اس واقعے میں زخمی ہو گیا ہے۔
اڑیسہ کے پولیس چیف مسٹر پٹنائیک نے بتایا کہ ’ہمیں اس حادثے میں پیش آنے والی جزیات کے حوالے سے شبہات تھے۔ مسٹر سنگھ کے باڈی گارڈز کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جا رہی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ باڈی گارڈز کے پاس موجود دو بندوقوں میں سے ایک کے اتفاقی طور پر چل جانے سے مسٹر سنگھ کی ہلاکت ہوئی ہے۔
تاہم ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ مسٹر سنگھ کے ساتھ موجود سکیورٹی گارڈز کی بندوق کے اتفاقی طور پر چل جانے کی کیا وجہ تھی۔