Wednesday, 11 October, 2006, 15:12 GMT 20:12 PST
خدیجہ عارف
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
ہندوستان میں مچھروں کے کاٹنے سے ہونے والی بیماری چکن گونیا پر قابو پانے کے لیے حکومت نے ایک اہم میٹنگ کی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ چکن گونیا لاعلاج بیماری نہیں ہے اور یہ بیماری فضائی آلودگی سے پھیل رہی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس بیماری پر قابو پانے کے لیے حکومت متاثرہ ریاستوں کو ہر ممکنہ مدد دے رہی ہے۔
مسٹر رامادوس نے یہ بھی بتایا ہے کہ حکومت تمام متاثرہ ریاستوں کو نہ صرف دوائیاں اور اسپرے کی مشینیں مہیا کر رہی ہے بلکہ اس کے لیے وہ سبھی ریاستوں کو ان کی ضرورتوں کے مطابق مالی امداد بھی دے رہی ہے۔ مسٹر رامادوس کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ میں حکومت اس بیماری پر قابو پانے کے لیے متاثرہ ریاستوں کو تقریبا 20 کروڑ روپے کی امداد دے چکی ہے اور آنے والے دنوں میں ان ریاستوں کو اور امداد مہیا کرائی جائیگی‘۔
مچھروں کے کاٹنے سے ہونے والی دو سری بیماری ڈینگو سے دلی جیسا شہر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مسٹر رامادوس نے بتایا کہ رفتہ رفتہ ڈینگو کے واقعات میں کمی آرہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈینگو اور چکن گونیا کے ٹیسٹ کے لیے سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔ اور جو شخص اس بیماری میں مبتلا پایا گیا اس کا مفت علاج کیا اور کرایا جائیگا۔