http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 09 October, 2006, 09:20 GMT 14:20 PST

ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

خان بمقابلہ خان اور میڈیا انجیلینا کے پیچھے

خان بمقابلہ خان
جی ہاں کنگ خان کا مقابلہ سلمان خان کے ساتھ ہے اور جب دو خان مقابلے پر اتریں تو مقابلہ دلچسپ ہو گا۔ ارے بھئی ہم کسی طرح کی کشتی کی بات نہیں کر رہے۔ دراصل اس دیوالی اور عید کے موقع پر سلو بھیا کی فلم ’جان من ‘ اور کنگ خان کی فلم ’ڈان‘ نمائش کے لئے ایک ساتھ پیش ہو رہی ہیں اور ایسا گزشتہ پندرہ برسوں میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔ ڈان کی تشہیر کچھ اس انداز میں کی جارہی ہے کہ لوگ تھیٹر پر ٹوٹ پڑیں اور کیوں نہ ہو جب انہیں Tag Heuer کی گھڑیاں بطور تحفہ ملیں۔ دونوں فلموں کے ایک ہزار کے قریب پرنٹ نکل چکے ہیں۔ ویسے ڈان کی تشہیر بڑے پیمانے پر ہو رہی ہے لیکن جس کی فلم کو ناظرین زیادہ پسند کریں گے سمجھ لیجیئے وہی فاتح ہو گا۔ ہے ناں مقابلہ دلچسپ۔

انجیلینا اور عرفان خان
ممبئی، پونے اور مہاراشٹر ہی کیوں بلکہ دنیا بھر کے فوٹوگرافرز اس وقت پُونے میں ہالی وڈ کی مشہور اداکار جوڑی انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی ایک جھلک کو اپنے کیمرے میں قید کرنے کے لئے موجود ہیں۔

بالی وڈ ستارے میڈیا سے ناراض
سنا ہے کہ بالی وڈ ستارے آج کل میڈیا سے بہت ناراض ہیں کیونکہ سبھی کیمرہ مین اور رپورٹرز آج کل بس انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی خبروں کے لئے پُونے میں ڈیرہ ڈالے بیٹھے ہیں اور انہیں کوئی پوچھتا بھی نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میڈیا نے انہیں تو کبھی اتنی اہمیت نہیں دی۔ اب آپ ہی سمجھائیے کہ آخر ان میں اور جولی، بریڈ پٹ میں کیا فرق ہے!

ریکھا اچھی یا ایش
فلم امراؤ جان میں ریکھا اچھی لگتی ہیں یا ایش۔ یہ آج کل ہر کسی کی زبان پر ہے۔ اور تو اور خود فلم انڈسٹری میں یہ موازنہ جاری ہے۔یاد رہے خوبصورتی کے ساتھ ساتھ اداکاری کا بھی موازنہ ہوگا۔ آپ کو کیا لگتا ہے ریکھا یا ایش؟

کامیاب شادی کا راز
سنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں بوبی دیول اور تانیہ کی شادی شدہ زندگی بہت کامیاب ہے کیونکہ ان میں کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔ کامیاب شادی کی وجہ کیا ہو سکتی ہے، یہ ہمیں نہیں معلوم لیکن پتہ چلا ہے کہ بوبی دیول آج کل اپنی کئی فلموں کی شوٹنگز ایک ساتھ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کئی شفٹوں میں کام کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھر بیوی تانیہ اپنے فرنیچر ڈیزائن کے بزنس میں مصروف۔ جس دن تانیہ کے فرنیچرز کی نمائش کا دن تھا اس روز بوبی نے مجبوراً شوٹنگ سے تین گھنٹے کی چھٹی لی اور پہنچ گئے نمائش پر۔ اب آپ کامیاب شادی کی وجہ جان پائے ؟

سری دیوی کا بانکپن
چلبلی خوبصورت سری دیوی کو کون بھول سکتا ہے۔ آپ کو یاد ہے ’مسٹر انڈیا‘ جس میں سری دیوی اور انیل کپور نے کام کیا تھا۔ اب خوشی کی بات تو یہ ہے کہ سری دیوی ایک بار پھر پردے پر نظر آئیں گی کیونکہ انیل کپور اپنی ہی فلم مسٹر انڈیا دوبارہ بنا رہے ہیں اور اس لیئے سری دیوی نے اپنا ایک دو کلو نہیں بلکہ چھ کلو وزن کم کیا ہے۔ اب شاید ان کا بانکپن ایک بار پھر پردے پر نظر آئے۔

بیٹا ہو تو ابھیشیک جیسا
جی ہاں ! بیٹا ہو تو ابھیشیک جیسا اور کیوں نہ کہیں ابھیشیک بھی تو اپنے بیٹے ہونے کا فرض جو ادا کر رہے ہیں۔ سنا ہے کہ امیتابھ بچن کے میک اپ مین دیپک ساونت کی بنائی فلم ’گنگا‘ میں امیت جی نے بھی کام کیا ہے لیکن فلم کا کوئی خریدار نہیں ہے۔ بس ابھیشیک نے فلم کی تشہیر کی ٹھان لی اور وہ مصروفیت کے باوجود فلم کی تشہیر کے لئے بنائے جانے والے ویڈیو میں کام کر رہے ہیں۔

چار سو پچاس صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت تین ہزار روپے ہوگی اور گیارہ اکتوبر کو اس کی رسم اجراء خود کنگ خان کے ہاتھوں ہوگی۔ اس کے بعد کنگ خان اس کتاب کو لندن لے جائیں گے جہاں ایک پروگرام میں اس کی رسم رونمائی ہو گی۔ واہ کنگ خان، کیا سٹائل ہے!

مادھوری کی واپسی
بڑے دنوں سے چرچے تھے کہ دھک دھک گرل مادھوری شادی کے بعد ایک بار پھر پردے پر واپس آرہی ہیں۔ لیکن اب یہ خبر سچ ثابت ہو گی کیونکہ سنا ہے مادھوری نے اپنے ہی پرسنل اسسٹنٹ رکو راکیش ناتھ کی فلم میں کام کرنے کے لیے ہاں کہہ دی ہے۔

متھن کی’ کھجلی‘
کتنا برا لگ رہا ہے لفظ ’ کھجلی‘ پڑھ کر لیکن کیا کریں یہ لفظ ہم خود سے استعمال نہیں کر رہے ہیں بلکہ یہ تو کبھی ڈانس کے لئے مقبول سٹار متھن چکرورتی کی فلم کا نام ہے جس میں وہ اپنے بیٹے مموہ چکرورتی کو پیش کریں گے۔ متھن دا کچھ تو شائستگی کا مظاہرہ کیا ہوتا کم سے کم نام میں۔

چلتے چلتے
گیارہ اکتوبر کو سدا بہار ریکھا کی سالگرہ ہے۔ وہ اکاون برس کی ہو جائیں گی اور ریکھا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس عمر میں اپنے آپ کو پہچانا ہے۔

امجد خان یعنی گبر کے بیٹے رام گوپال ورما سے ناراض ہیں کہ وہ ان کے والد کے یادگار رول کو دوبارہ فلمانے جا رہے ہیں۔

راکھی ساونت اور میکا کا سر عام بوسہ یاد ہے آپ کو؟ اب میکا اس منظر کو آئٹم گرل کریزی کیٹ پر فلمانے جا رہے ہیں اور ویڈیو کا نام ہے ’میٹ برادرز‘۔

جان ابراہم اب اپنے بنائے برانڈ کے کپڑے پہنیں گے یعنی ان کے نام کا برانڈ بازار میں آرہا ہے۔ اسے کہتے ہیں بزنس۔

مشہور کامیڈین مرحوم جانی واکر کے بیٹے ناصر اپنے والد کی یاد میں ایک ٹی وی شو بنا رہے ہیں۔