http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 03 October, 2006, 07:32 GMT 12:32 PST

شکیل اختر
بی بی سی اردو، دلی

افضل پھانسی: اپیل صدر کے حوالے

پارلیمنٹ پر حملے کی سازش کے جرم میں پھانسی کی سزا پانے والے محمد افضل کی اہلیہ تبسم نے صدر اے پی جے عبدالکلام سے اپنے شوہر کی جان بخشی کی اپیل کی ہے۔ افضل کو 20 اکتوبر کو پھانسی دی جانی ہے۔

منگل کی صبح تبسم نے اپنے سات سالہ بیٹے غالب کے ساتھ راشٹرپتی بھون میں صدر کو رحم کی درخواست حوالے کی ہے۔ افضل کو اس ماہ کی بیس تاریخ کو پھانسی دی جانی ہے۔

فن شاعری اور عسکریت کا امتزاج

تبسم کے ساتھ کے ساتھ افضل کی ماں عائشہ بیگم اور بھائی بلال احمد بھی تھے۔ رحم کی درخواست دینے کے بعد یہ لوگ افضل سے ملاقات کے لیے تہاڑ جیل پہنچے۔

افضل سے ملاقات کے بعد ان کے بھائی بلال نے کہا کہ ان کا کسی تنظیم سے کوئي واسطہ نہیں لیکن ’انسانیت کی بنیاد پر ہم نے افضل کے لیئے رحم کی اپیل کی ہے۔‘

’دلی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پولیس کے ثبوت فرضی تھے تو پھر اس تفتیش پر یقین کس حد تک کیا جاسکتا ہے اور کیا ناقص تفتیش کی بنیاد پر پھانسی دی جاسکتی ہے۔ کیا اس سے بھارت کی جمہوریت پر ایک بدنما داغ نہیں لگے گا‘۔

پروفیسر گیلانی نے کہا کہ اس فیصلے میں بعض قانونی نقائص ہیں۔ ان کے مطابق ذیلی عدالت میں افضل کو کوئی وکیل نہیں فراہم کیا گیا اور ہائی کورٹ میں بھی کیس کو خراب کیا گیا تھا اور جب نچلی عدالت میں کیس بگڑ جائے تو پھر سپریم کورٹ میں بھی انصاف کی گنجائش کم رہتی ہے۔ ’عدالت میں انہیں نقائص کی بنیاد پر رحم کی اپیل کی گئي ہے‘۔

انکا کہنا تھا کہ وہ افضل کو بے قصور نہیں بتاتے ہیں لیکن ’یہ دیکھنا ضروری ہے کہ انہیں کتنی سزادی گئی ہے‘۔

افضل کے وکیل این ڈی پنچولی نے کہا کہ پارلیمنٹ پر حملے کی سازش میں افضل کے خلاف براہ راست کوئی ثبوت نہیں ہے اور خود سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ’اجتماعی طور پر سماج اور قوم کے جذبات کی تسکین کے لیے موت کی سزا دی گئی ہے‘۔

مسٹر پنچولی نے کہا کہ افضل کو پھانسی دینا ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

ادھر حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتاپارٹی نے افضل کو پھانسی دینے کی مخالفت کرنے والوں پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ پاٹی کے ترجمان پرکاش جاؤڈیکر نے کہا ہے کہ اس سے دہشت گردی کے خلاف مہم کمزور پڑ جائے گی۔ اگر پارلیمنٹ پر حملہ میں پھانسی نہیں دی جائیگی تو پھر کسے پھانسی ملے گی۔ ’جو لوگ افضل کو معاف کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں انہیں خود ملک سے معافی منگنی چاہیے‘۔

جہاں ایک طرف کشمیر کی بیشتر سیاسی جماعتیں افضل کی موت کی سزا کم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں وہیں شیوسینا جیسی ہندو نظریاتی تنظیموں نے افضل کو پھانسی دینے کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے کیۓ ہیں۔