Saturday, 23 September, 2006, 01:55 GMT 06:55 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
انڈیا کے شہر ممبئی کی ایک ذیلی عدالت نے گرفتار اسرائیلی خاتون کو چھبیس ستمبر تک پولیس حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
اسرائیلی خاتون نوا حبیب کو جمعہ کے روز ممبئی پولیس نے اندھیری عدالت میں پیش کیا تھا۔ سہار ائیر پورٹ حکام نے نووا کو بدھ کے روز چودہ کارتوس سمیت گرفتار کیا تھا۔
ایڈیشنل پولیس کمشنر بپن بہاری نے نووا کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نووا کے بھائی اسحق (آئزک ) حبیب نے تل ابیب سے ایک فیکس بھیجا ہے جس میں انہوں نے دعوی کیا ہے کہ نووا غلطی سے ان کا بیگ لے کر چلی گئی ہیں اور یہ کہ ان کے پاس اسلحہ کا لائسنس بھی ہے۔
سہار ایئر پورٹ پولیس کے سینئر پولیس انسپکٹر سی کے چوہان نے بی بی سی کو بتایا کہ اسرائیلی قونصل جنرل کی طرف سے نووا کے لیئے ایک وکیل عدالت میں حاضر ہوئے تھے لیکن عدالت نے ملزمہ کو چار دنوں کے لیئے پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
تفتیش مکمل ہونے کے بعد انہیں سانتا کروز کے لاک اپ میں رکھا جائے گا۔
![]() | |
| نووا کا کہنا ہے کہ اسلحہ ان کے بھائی کا ہے |
پولیس کے مطابق نووا بدھ کی صبح اسرائیلی ائیر لائن سے ممبئی پہنچی تھیں۔ اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی جو جدید آلات سے لیس ہے وہاں سے نووا با آسانی نکل گئیں کہیں کسی نے انہیں چیک نہیں کیا اور ممبئی کسٹم ڈپارٹمنٹ نے بھی انہیں کلیئرنس دے دیا تھا۔
بپن بہاری کے مطابق کسٹم ڈپارٹمنٹ کے کلئیرنس کے بعد جب نووا کا بیگ جیٹ ایئر ویز کے اٹینڈنیٹ نے ایکس رے مشین میں دیکھا تو انہیں دیکھ کر حیرت ہوئی کہ نووا کے بیگ میں چودہ کارتوس ہیں۔ جیٹ ایئر ویز نے فوراً نووا کے خلاف پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی اور تب سے نووا پولیس تحویل میں ہیں۔
سینئر پولیس انسپکٹر چوہان کا کہنا ہے کہ نووا نے اب تک پولیس کو جو بیان دیا ہے اس کے مطابق وہ انڈیا تعطیل منانے کی خاطر ایک ماہ کے لیئے ٹورسٹ ویزے پر آئی ہیں اور جلدی میں انہوں نے اپنے بیگ کے بجائے اپنے بھائی کا بیگ لے لیا۔ ممبئی سے وہ دہلی جانے والی تھیں۔