Wednesday, 06 September, 2006, 07:58 GMT 12:58 PST
ایم ایس احمد
پٹنہ
چار وزراء کے استعفے کے بعد جھارکھنڈ کی ارجن منڈا حکومت بظاہر اقلیت میں آگئی ہے لیکن ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کی راہ بھی آسان نظر نہیں آتی۔
ارجن منڈا حکومت کی معزولی کی صورت میں ریاست میں صدر راج نافذ ہوگا یا نئی حکومت بنے گی، اس کا انحصار گورنر سبط رضی پر ہے۔
وزیر اعلٰی ارجن منڈا کہہ رہے ہیں کہ وہ ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کر دیں گے لیکن اعداد و شمار ان کے دعوے پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں۔
دوسری جانب گورنر سبط رضی نے روایتی انداز میں کہا ہے کہ وہ آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے۔گورنر کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ارجن منڈا کو اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کا موقع دیا جائے یا ان سے اکثریت کھونے کی بات کہ کر استعفٰی طلب کیا جائے۔
ارجن منڈا کو اگر ریاستی اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کا موقع ملتا ہے تو سپیکر اندر سنگھ نامدھاری کی مدد سے حکومت بچانے کا آخری موقع ملے گا۔
استعفٰی دینے اور ارجن منڈا حکومت سے حمایت واپس لینے کا اعلان کرنے والے چاروں وزیر مدھو کوڑا، اینوس ایکا، ہری نارائن رائے اور کملیش سنگھ ریاستی اسمبلی کے آزاد ممبر ہیں۔
چاروں وزراء کے ذریعہ اپنی حمایت یو پی اے کو دینے کے اعلان کے بعد اکیاسی رکنی اسمبلی میں حکران این ڈی اے کے پاس کل اڑتیس ارکان بچتے ہیں۔اس تعداد میں ایک نامزد رکن اسمبلی کو ملالیا جائے تو کل بیاسی ممبران میں انتالیس ارکان حکمراں اتحاد کے پاس ہیں۔
سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں کے مفروضے پر بعض سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ اکثریت ثابت کرنے کا موقع ملنے کی صورت میں بی جے پی اور جے ڈی یو کے مشاق سیاست داں لالو کے راشٹریہ جنتا دل کو توڑنے کی کوشش کر سکتے ہیں لیکن اس میں ان کی کامیابی بہت ہی مشکوک ہے۔ آر جے ڈی کو توڑنے کے لیئے ضروری سات میں سے پانچ ارکان کا پارٹی چھوڑنا مشکل نظر آتا ہے۔
![]() | |
| ارجن منڈا حکومت بظاہر اقلیت میں آگئی ہے |
سیاسی اعداد و شمار کے اس کھیل میں یہ بھی ممکن ہے کہ کسی پارٹی کو اکثریت حاصل نہ ہو اور بالآخر صدر راج کے نفاذ کا اعلان ہو جائے۔
دوسری جانب این ڈی اے کی تمام کوششوں کے باجود اگر یوپی اے کو گورنر کی جانب سے حکومت کی تشکیل کی دعوت ملتی ہے تو وزیر اعلٰی کے عہدے پر چپقلش ہو سکتی ہے۔
یوپی اے کی حکومت بننے کی صورت میں مستعفی وزیر اور آزاد رکن اسمبلی مدھو کوڑا کا نام وزیر اعلٰی کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ خود مدھو کوڑا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلٰی کا تعین یو پی اے کو کرنا ہے لیکن جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بعض رہنماوؤں کا کہنا ہے سب سے بڑی پارٹی ہونے کی وجہ سے وزیر اعلٰی کے عہدہ اسے ملنا چاہیئے۔