http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 20 August, 2006, 14:30 GMT 19:30 PST

آئین جیت سین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی

دلی: 25 کروڑ روپے کی ممنوعہ دواضبط

بھارت کے دارالحکومت دلی میں پولیس نے پچیس کروڑ روپے کی ممنوعہ نشیلی دوا ملک سے باہر سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

’افیڈرین‘ نامی یہ دوا کینیڈا اور امریکہ لیجائی جا رہی تھی۔

ایک پولیس افسر رویندر یادو نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اس معاملے میں اب تک چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے‘۔

مسٹر یادو نے مزید بتایا کہ اس معاملے میں گرفتار کیۓ جانے والوں کی سرگرمیاں پنجاب کے لدھیانہ شہر میں مرکوز تھیں۔ یہ نشیلی دوا پینٹنگ کے ایک ڈبے میں رکھ کر کوریئر کے ذریعے کینیڈا بھیجی جا رہی تھیں۔

یہ دوا زیادہ تر پارٹیوں میں استعمال ہوتی ہیں اور اس پر امریکہ میں پابندی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ نشیلی دوا صحت کو نقصان پہچانے سے زیادہ استعمال کرنے والے کو عادی بنا دیتی ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے میں گرفتار ہونے والے ملزموں میں سے ایک کینیڈا میں آباد ہندوستانی ہے۔

پولیس کے مطابق اس سلسلے میں ممبئی، بوکارو اور جھارکھنڈ کے کئی علاقوں میں تفتیش کی جا رہی ہے۔