Tuesday, 08 August, 2006, 09:24 GMT 14:24 PST
نجی ٹی وی چینل ٹین سپورٹس نے جنوبی افریقہ کے ایک مسلم کھلاڑی کو ’دہشت گرد‘ کہنے کے جرم میں آسٹریلیا کے کامنٹیٹر اور سابق کھلاڑی ڈین جونز کو ملازمت سے برخاست کردیا ہے۔
ڈین جونز نے اپنے کلمات پر معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ مسلم براداری کو ناراض نہیں کرنا چاہتے تھے۔
سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز جب کمارا سنگاکارا کا کیچ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ہاشم آملہ نے پکڑا تو کامنٹیٹر ڈین جانز نے کہا ’دہشت گرد کو دوسرا وکٹ مل گیا ہے۔‘
ہاشم آملہ جنوبی افریقہ کے نوجوان مسلم کھلاڑی ہیں انکی بڑی داڑھی ہے اور وہ اسلامی اصولوں کے پابند ہیں۔
جونز نے کہا کہ ’میں اس بات پر بہت افسردہ ہوں کہ کسی کو مجھ سے تکلیف پہنچی ہے اور میں کسی کے وقار کو ٹھیس نہیں پہنچاناچاہتا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کو اس غلط خیال کو پھیلانے سے بعض رہنا چاہیے کہ مسلمانوں کی داڑھی شک و شبہ کے دائرے میں آتی ہے لیکن ’میں نے وہی کیا۔‘
جونز نے کہا کہ المیہ تو یہ ہے کہ وہ بیشتر پاکستانی کھلاڑیوں کے دوست ہیں اور وہ سب مسلم ہیں ۔ ’مجھے جیسے ہی موقع ملے گا میں ہاشم آملہ سے معافی مانگوں گا۔ میں انہیں یقین دلاؤنگا کہ کسی بھی بنیاد پر تعصب پرستی قابل قبول نہیں ہے اور میں اس کی کبھی حمایت نہیں کروں گا۔‘
ٹین سپورٹس دبئی کی کمپنی تاج ٹیلی وژن کا چینل ہے۔
جنوبی افریقہ کا ایک مقامی چينل ’سپر اسپورٹس‘ ٹین اسپورٹس کی براہ راست فیڈ سے ٹیسٹ میچ اپنے ملک میں نشر کر رہا تھا اور جب ڈین جونز نے اپنے تبصرے میں ہاشم آملہ کو ’دہشت گرد‘ کہا تو ناراض ناظرین کی ایک بڑی تعداد نے بطور احتجاج چینل کے دفتر فون کرنا شروع کر دیے۔
مسٹر مجولا نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں بھی اٹھائیں گے۔
ڈین جانز نے آسٹریلیا کے لیئے باون ٹیسٹ میچ اور ایک سو چونسٹھ انٹرنیشنل ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ سنہ انیس سو نوے میں انہیں وزڈن کرکٹر آف دی ائیر کے اعزاز سے بھی نوازہ گیا تھا۔