Monday, 07 August, 2006, 06:56 GMT 11:56 PST
سبیر بھومک
بی بی سی نیوز، آسام
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں علیحدگی پسند باغیوں نے سلسلہ وارانہ حملوں میں دو لوگوں کو ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔
باغیوں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے ایک فوج کا جوان ہے۔
باغیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز سے جاری ان حملوں ميں بیس سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اب تک ان حملوں کے سلسلے میں ریاستی حکومت کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
یونائٹڈ لبریشن فرنٹ(الفا) سے تعلق رکھنے والے ان باغیوں کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کارروائی کی مدد سے وہ ہندوستان کے یومِ آزادی کا بائیکاٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہيں۔
سینیچر کو بھی آسام پولیس نے کہا تھا کہ الفا باغیوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس حملے کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ باغیوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن ان کا نشانہ چوک گیا اور دستی بم ایک بازار میں جا گرا۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں کم از کم تیرہ شہری زخمی ہوگئے تھے۔
آسام میں علیحدگی پسند باغی ایک عرصے سے آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ باغی اکثر ریاست میں فوج کے جوانوں پر حملہ کرتے ہیں اور تیل اور گیس کی پائپ لائنوں کو تباہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
باغیوں کا کہنا ہے کہ فوج اور حکومت ان کو اپنا نشانہ بناتے ہیں جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ ان باغیوں کے خلاف کارروائی تب تک جاری رہے گی جب تک وہ مکمل جنگ بندی کا اعلان نہیں کر دیتے۔
گزشتہ برس مرکزی حکومت نے الفا باغیوں کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کیا تھا لیکن یہ بات چیت کسی نتیجے کی طرف بڑھتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔